ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز)حالیہ سرحدی کشیدگی کے تناظر میں ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ کی زیر صدارت ڈی سی آفس کمیٹی روم میں ایک ہنگامی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، پولیس، ریسکیو 1122، صحت، سول ڈیفنس، لوکل گورنمنٹ، تعلیم، خوراک اور دیگر محکموں کے سربراہان شریک ہوئے۔

ڈپٹی کمشنر نے افسران کو موجودہ حساس صورتحال سے مکمل طور پر آگاہ کرتے ہوئے ریڈ الرٹ رہنے کے احکامات جاری کیے اور کہا کہ ایمرجنسی کی صورت میں جائے وقوعہ سے ایک کلومیٹر کے فاصلے تک عوام کو روکا جائے تاکہ جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ بی ڈی، اسپیشل برانچ اور سول ڈیفنس کو فعال کردار ادا کرنے کی ہدایت کی گئی۔

ڈی سی نے گوردوارہ جات، پلوں، ٹرانسمیشن لائنز اور دیگر اہم تنصیبات کی سیکیورٹی سخت کرنے کی ہدایت کی جبکہ آرمی موومنٹ کے لیے سڑکیں ہر وقت کلیئر رکھنے کا بھی حکم دیا۔ تعلیمی اداروں میں جنگی نوعیت کی تربیت مکمل کرنے اور ہر گاؤں میں 20 رضاکاروں پر مشتمل والنٹیئر ٹیمیں بنانے کی ہدایت کی گئی۔

ضلعی افسران کو آج شام تک ایمرجنسی کانٹیجنسی پلان جمع کروانے کا پابند کیا گیا، خون، ادویات اور ضروری آپریشنل سامان کی دستیابی یقینی بنانے کا حکم دیا گیا، جبکہ عوام کی منتقلی کے لیے متبادل عمارات اور محفوظ مقامات کی شناخت کا عمل تیز کرنے کا کہا گیا۔ آر ایچ سی اور بی ایچ یو مکمل طور پر فعال رکھنے کی ہدایت کی گئی۔

اشیائے خورونوش اور پیٹرول و ڈیزل کے 15 دن کے ذخائر کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کی گئی، جبکہ سرکاری و نجی مشینری کی ضلع سے باہر منتقلی پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی۔

ڈی سی محمد تسلیم اختر راؤ نے وارننگ دی کہ جو افسر اسٹیشن چھوڑے گا یا وقت پر ریسپانڈ نہیں کرے گا، اس کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ تینوں تحصیلوں کے دفاتر میں نصب سائرن کے ساتھ 24 گھنٹے عملہ تعینات کرنے کے احکامات دیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے آبی دہشتگردی کا خدشہ بھی موجود ہے، سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مشینری تیار رکھی جائے اور مزید موک ایکسرسائزز کروائی جائیں۔ ضلعی افسران کو ہدایت دی گئی کہ وہ اپنی گاڑیوں میں 2 میگا فون، 2 سرچ لائٹس، این 95 ماسک اور تولیے ہر وقت موجود رکھیں۔

اجلاس میں افواجِ پاکستان اور قومی اداروں کے خلاف سوشل میڈیا پر جھوٹ پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ ڈی سی نے کہا کہ ایمان، عزم اور حب الوطنی سے ہم ہر چیلنج کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔ اجلاس کے دوران ضلعی اداروں کی بروقت کارکردگی کو سراہا گیا اور عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ جائے حادثہ کے قریب نہ آئیں، رات کے وقت گھروں اور بازاروں کی بیرونی روشنیاں بند رکھیں، تاکہ دفاعی و حفاظتی اقدامات میں کوئی خلل نہ آئے۔

ڈی سی ننکانہ نے آخر میں کہا کہ افواجِ پاکستان دشمن کے وار کا دلیری سے جواب دے رہی ہے، ہم ہر قیمت پر اپنے وطن کی حفاظت کریں گے اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔

Shares: