ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز) ضلع ننکانہ صاحب میں فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے کے بڑھتے واقعات پر ضلعی انتظامیہ حرکت میں آ گئی۔ ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے رات گئے موٹروے ایم تھری کا اچانک دورہ کرتے ہوئے فصلوں کو نذر آتش کیے جانے کا سخت نوٹس لیا اور متعلقہ افسران کو موقع پر طلب کر کے فوری کارروائی کی ہدایات جاری کیں۔
ڈی سی ننکانہ کے ہمراہ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ننکانہ عطیہ عنایت، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت محمد اشرف اور ریونیو فیلڈ سٹاف بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ فصلوں کی باقیات جلانے والوں کے خلاف دفعہ 144 کے تحت مقدمات درج کیے جائیں اور بھاری جرمانے عائد کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ موٹروے کے اطراف فصلوں کو آگ لگانا نہ صرف سموگ بلکہ ممکنہ ٹریفک حادثات کا بھی سبب بن سکتا ہے، جس سے انسانی جانوں کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔
بعد ازاں ڈی سی کمیٹی روم میں فصلوں کی باقیات جلانے کے انسداد کے لیے ایک اہم اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو رائے ذوالفقار علی، ایڈیشنل ڈی سی جنرل شاہد کھوکھر، ڈپٹی ڈائریکٹر تحفظ ماحول فوزیہ اکرم، اور دیگر افسران شریک ہوئے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ فیلڈ فارمیشنز کو فوری طور پر متحرک کیا جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن یقینی بنایا جائے۔
ڈپٹی کمشنر تسلیم اختر نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ ادارے روزانہ کی بنیاد پر کارروائی کی رپورٹ ان کے دفتر میں جمع کرائیں تاکہ ضلعی سطح پر سموگ سے بچاؤ کے اقدامات کو مؤثر بنایا جا سکے۔