ننکانہ صاحب: ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ادویات کی شدید قلت، مریض پریشان
ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی،نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال میں ادویات کی شدید قلت کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ گزشتہ روز وزیر اعلیٰ پنجاب کی مانیٹرنگ ٹیم کے دورے کے دوران بھی یہ مسئلہ سامنے آیا۔
مریضوں کے لواحقین نے بتایا کہ انہیں ہسپتال میں داخل مریضوں کے لیے سرنجوں، پائیوڈین، برینولا، ٹیپ، گاز اور نارمل سلائن واٹر تک باہر سے خرید کر لانا پڑ رہا ہے۔ اس پر مانیٹرنگ آفیسر مہر کاشف پڈھیار نے ہسپتال کے ایم ایس کو سخت ڈانٹا اور ادویات کی فوری فراہمی کا حکم دیا۔
ڈاکٹروں نے بھی ادویات کی کمی کے باعث پیش آنے والی مشکلات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ ادویات نہ ہونے کی وجہ سے مریضوں کو مناسب علاج نہیں مل پا رہا ہے۔
ڈاکٹر عدنان اقبال، چیئرمین وائی ڈی اے، اور سنیئر ڈاکٹر راحیل رضا نے بھی مانیٹرنگ آفیسر کو ہسپتال میں ڈاکٹروں کی کمی اور دیگر مسائل سے آگاہ کیا۔ مہر کاشف پڈھیار نے ان تمام مسائل کے فوری حل کی یقین دہانی کروائی ہے۔