ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی،نامہ نگار احسان اللہ ایاز) مرکزی جمعیت اہل حدیث ننکانہ صاحب کے ضلعی امیر مولانا عتیق الرحمن اظہر نے کہا ہے کہ پاکستان علاقائی اور عالمی دشمنوں کی سازشوں کا شکار ہے۔ سانحہ جعفر ایکسپریس اور علماء کی ٹارگٹ کلنگ کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ جعفر ایکسپریس میں کامیاب آپریشن اور جانوں کا نذرانہ پیش کرنے پر اپنی بہادر افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل سانگلہ ہل کے زیر اہتمام درس قرآن و افطار پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت بغیر کسی تنقید اور اعتراض کے ملک کے سیکیورٹی اداروں کے ساتھ کھڑے ہونے کی ضرورت ہے۔ دہشت گردوں نے بے گناہ نہتے مسافروں کو رمضان کے مقدس مہینے میں شہید کرکے ظلم کی انتہا کردی ہے۔ ایسے میں فوج کا مذاق اڑانے والے راء کے ایجنٹ ہیں۔
انہوں نے علماء کی حالیہ ٹارگٹ کلنگ میں مولانا حامد الحق حقانی اور مفتی منیر شاکر جیسے علماء کا قتل امن و امان کے خلاف گہری سازش قرار دیا۔ اس موقع پر مرکزی جمعیت اہل حدیث کے علماء و ذمہ داران حاجی محمد شریف، حافظ محمد خاں، ماسٹر زبیر، عرفان اللہ طاہر، مولانا عبد الخالق، اسامہ چوہدری، مدثر عزیز، قدرت اللہ بلوچ، احمد ساجد سمیت کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔