ننکانہ صاحب (نامہ نگار احسان اللہ ایاز) آئی جی پنجاب کے ویژن کے مطابق ننکانہ پولیس جرائم پیشہ عناصر کے خاتمے کے لیے سرگرم عمل ہے۔ ڈی پی او ننکانہ کی ہدایت پر تھانہ صدر ننکانہ پولیس نے خطرناک ڈکیت گینگ کے سرغنہ کو ساتھی ملزم سمیت گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق، ڈکیت گینگ کے گرفتار ملزمان سے مختلف وارداتوں میں اسلحہ کے زور پر شہریوں سے چھینے گئے لاکھوں روپے مالیت کے 3 موٹر سائیکل، دو لاکھ روپے نقدی اور اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔ پولیس تھانہ صدر ننکانہ نے گرفتار ملزمان سے رابری کی 15 وارداتوں کا سراغ لگا لیا ہے۔ ملزمان سے تفتیش کا عمل جاری ہے جس میں مزید انکشافات متوقع ہیں۔ گرفتار ملزمان میں ڈکیت گینگ کا سرغنہ ندیم عرف دیمی اور فیصل شامل ہیں۔ گینگ کا سرغنہ ندیم اشتہاری مجرم ہے، جو تھانہ صدر شاہکوٹ پولیس کو رابری کے مقدمہ میں دو سال سے مطلوب تھا۔
ڈی پی او سید ندیم عباس نے کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او تھانہ صدر ننکانہ کفایت حسین اور ان کی ٹیم کو شاباش دی۔ ڈی پی او کا کہنا ہے کہ ڈکیت گینگ کی گرفتاری پولیس ٹیم کی پیشہ ورانہ مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ جرائم پیشہ عناصر کا خاتمہ اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔