
ننکانہ صاحب،باغی ٹی وی( نامہ نگار احسان اللہ ایاز)موجودہ حالات میں یوتھ اور طلباء کا کردار ملک کی ترقی اور استحکام کی ضمانت ہے، شیخ فیاض احمد
پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے ضلعی سیکرٹریٹ ننکانہ صاحب میں ایک اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت پاکستان مرکزی مسلم لیگ سینٹرل پنجاب کے صدر شیخ فیاض احمد نے کی۔ اجلاس میں ضلعی جنرل سیکرٹری ثاقب مجید سمیت ضلع بھر سے نوجوانوں اور طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اجلاس میں پاکستان مرکزی مسلم لیگ کی رکنیت سازی مہم کا جائزہ لیا گیا۔
شیخ فیاض احمد نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں پاکستان کو معاشی بحران، سیاسی عدم استحکام، اور سماجی مسائل جیسے چیلنجز کا سامنا ہے۔ ایسے میں نوجوانوں اور طلباء کا کردار ملک کی ترقی اور استحکام کے لیے کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی تعلیم یافتہ سوچ ہی پاکستان کو درپیش مسائل کا حل فراہم کر سکتی ہے اور نوجوان نسل کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا اولین ترجیح ہونی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹیوں اور کالجوں میں زیر تعلیم طلباء اپنی تحقیقی صلاحیتوں کے ذریعے جدید ٹیکنالوجی اور سائنسی ترقی کو فروغ دے سکتے ہیں، جو ملکی معیشت کے استحکام میں مددگار ثابت ہو سکتی ہیں۔ شیخ فیاض احمد نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوان طبقہ فرقہ واریت اور تعصب کے خاتمے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ ان کی سرگرمیاں امن و امان کے قیام اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ میں بھی معاون ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے سے نہ صرف بے روزگاری کم ہوگی بلکہ ملک کی معیشت بھی مضبوط ہوگی۔ موجودہ حالات میں نوجوان نسل میں سیاسی شعور بیدار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ یوتھ کو ملکی سیاست میں شامل کر کے شفافیت، انصاف، اور بہتر حکمرانی کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔
اجلاس میں ضلعی جنرل سیکرٹری ثاقب مجید نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ نوجوانوں کو تعلیمی اور معاشی مواقع فراہم کرے تاکہ وہ ملک کی ترقی میں بھرپور حصہ لے سکیں۔ انہوں نے کہا کہ یوتھ اور طلباء پاکستان کی ترقی اور استحکام کے اہم ستون ہیں۔ ان کی صلاحیتوں اور جذبے کو صحیح سمت میں استعمال کیا جائے تو پاکستان ترقی کی نئی راہوں پر گامزن ہو سکتا ہے۔