ننکانہ:غیرقانونی ہاؤسنگ سکیموں کا گورکھ دھندہ،عوام کی زندگیاں تباہ،حکام بے بس

ننکانہ صاحب،باغی ٹی وی (نامہ نگاراحسان اللہ ایاز)غیرقانونی ہاؤسنگ سکیموں کا گورکھ دھندہ،عوام کی زندگیاں تباہ،حکام بے بس،غیرقانونی ہاؤسنگ اسکیموں کی آڑ میں عوام کو لوٹا جا رہا ہے، زرعی زمینیں تباہ ہو رہی ہیں اور حکام خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں
ڈسٹرکٹ کونسل ننکانہ صاحب کی حدود میں غیر قانونی ہاؤسنگ اسکیموں کا انکشاف ہوا ہے، جہاں زرعی زمینوں کو غیر قانونی طور پر رہائشی منصوبوں میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔ شہریوں نے الزام عائد کیا ہے کہ ہاؤسنگ اسکیموں کے مالکان اور متعلقہ افسران کی ملی بھگت کے ذریعے عوام کو سہانے خواب دکھا کر ان سے بھاری رقم وصول کی جا رہی ہے۔ ان غیر قانونی اسکیموں میں شامل افراد نے لوگوں کو غیر قانونی طور پر زمین فراہم کرنے کے نام پر فیس وصول کی ہے، مگر ان اسکیموں میں عوام کو بنیادی سہولتوں کا کوئی انتظام نہیں کیا گیا۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ ہاؤسنگ اسکیمیں قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ترقی کر رہی ہیں، اور متعلقہ حکام کی خاموشی نے کئی سوالات کو جنم دیا ہے۔ شہریوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ ڈسٹرکٹ آفیسر پلاننگ نے ان غیر قانونی منصوبوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔ اس خاموشی کے باعث ان اسکیموں کے مالکان کی جانب سے عوام کا استحصال جاری ہے۔
ان اسکیموں میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کا کوئی بندوبست نہیں کیا گیا ہے، جس کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ پانی، بجلی، اور سیوریج جیسی سہولتوں کا فقدان ان علاقوں میں مزید مسائل پیدا کر رہا ہے۔ عوام نے ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ اور چیف آفیسر ضلع کونسل عامر اختر بٹ سے اپیل کی ہے کہ وہ ان غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف فوری کارروائی کریں اور ان افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں جو زرعی زمینوں کو تباہ کر کے غیر قانونی ہاؤسنگ اسکیمیں بنا رہے ہیں۔
عوامی حلقوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس معاملے کی شفاف تحقیقات کریں اور ان اسکیموں کے مالکان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائیں۔ اگر یہ غیر قانونی ہاؤسنگ اسکیمیں اسی طرح چلتی رہیں تو نہ صرف زرعی زمینوں کو نقصان پہنچے گا بلکہ شہریوں کو بھی بنیادی سہولتوں سے محروم ہونا پڑے گا۔