ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی،نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) ضلعی انتظامیہ ننکانہ صاحب کے زیراہتمام آفیسر کلب میں سیرت النبی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں ڈپٹی کمشنر ننکانہ محمد تسلیم اختر راو، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید ندیم عباس، اور دیگر ضلعی افسران کے علاوہ ضلعی میلاد مصطفی کمیٹی کے اراکین، مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام، سکھ، عیسائی برادری کے نمائندے، اور سول سوسائٹی کی بڑی تعداد موجود تھی۔
کانفرنس میں کہا گیا کہ ربیع الاول کا مہینہ رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ ہے، اور نبی پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا پیغام امن، محبت، اخوت، بردباری، اور تحمل ہے۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں اس دن کو صرف منانے تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے درس پر عمل پیرا ہونا چاہیے۔
نبی پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی زندگی ہمارے لئے بہترین نمونہ ہے اور ان کی محبت کے بارے میں اپنی نسلوں کو تربیت دینے کی ضرورت ہے تاکہ وہ بھی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اسوہ حسنہ پر عمل کریں۔
کانفرنس کے اختتام پر نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا گیا اور ملک پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے دعا کی گئی۔
مقررین نے جشن میلاد النبی کے دن کو جوش و خروش اور محبت سے منانے اور فرقہ وارانہ تقاریر سے پرہیز کرنے کی اپیل کی۔ ضلع ننکانہ کو امن کا گہوارہ قرار دیتے ہوئے علماء کرام کے اہم کردار کی بھی تعریف کی گئی اور پرامن ماحول کو برقرار رکھنے کے لئے تمام مکاتب فکر کے علماء کرام کے بھرپور تعاون کی ضرورت پر زور دیا گیا۔