باباگورونانک کے 555 ویں جنم دن کی 03 روزہ تقریبات کا آغاز اکھنڈ پات کی رسم سے ہو گا

ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز )بابا گورونانک کے 555 ویں جنم دن کی 3 روزہ تقریبات کا آغاز اکھنڈ پات کی رسم سے ہوگا، سکھ یاتریوں کی آمد جاری

تفصیل کے مطابق سکھ مذہب کے بانی اور روحانی پیشوا بابا گورونانک کے 555 ویں جنم دن کی تین روزہ تقریبات کا آغاز اکھنڈ پات کی رسم سے ہو گیا ہے۔ تقریبات میں شرکت کے لیے اندرون و بیرون ممالک سے سکھ یاتریوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ ہمسایہ ملک سے تین ہزار یاتری آج ننکانہ صاحب پہنچیں گے۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سکھ یاتریوں کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور ان کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے، جن میں رہائش، خوراک، ٹرانسپورٹ اور سکیورٹی شامل ہیں۔ یاتریوں نے حکومت پاکستان کے انتظامات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔ اکھنڈ پات کی رسم کی ادائیگی کے دوران سکھ یاتریوں نے پاکستان کی ترقی اور دنیا میں امن و امان کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔

ڈپٹی کمشنر ننکانہ راؤ تسلیم اختر نے کہا کہ بابا گورونانک نے ہمیشہ امن، محبت اور آشتی کا درس دیا ہے اور ننکانہ صاحب کے باسیوں نے مذہبی رواداری کی شاندار مثال قائم کی ہے۔ سکھ یاتریوں نے پاکستانی عوام کی محبت اور مہمان نوازی کو سراہا اور پاکستان کو اپنا دوسرا گھر قرار دیا۔

تقریبات کے دوران سکھ یاتریوں کے لیے آج رات آفیسر کلب میں صوفی نائٹ کا خصوصی اہتمام بھی کیا گیا ہے، جس سے مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کو مزید تقویت ملے گی۔ یاتریوں نے کہا کہ پاکستان پرامن ملک ہے اور پاکستانی قوم سکھ برادری سے محبت و احترام کے جذبات رکھتی ہے۔

Comments are closed.