ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز)ضلعی انتظامیہ کی جانب سے افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین، تقریبات و ریلیاں، آسمان آتشبازی سے جگمگا اٹھا

ضلع ننکانہ صاحب میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ضلع کونسل ہال میں مرکزی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے خصوصی شرکت کی۔

مرکزی تقریب کے ساتھ ساتھ تحصیل شاہکوٹ اور تحصیل سانگلہ ہل میں بھی افواجِ پاکستان سے اظہارِ تشکر کے لیے تقریبات اور ریلیوں کا اہتمام کیا گیا، جن میں سیاسی و سماجی رہنماؤں، ضلعی افسران، علماء کرام، تاجر برادری اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

ریلیوں کے شرکاء نے ہاتھوں میں قومی پرچم اور افواجِ پاکستان کے حق میں نعرے درج پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ فضا "پاکستان زندہ باد” اور "افواجِ پاکستان زندہ باد” کے نعروں سے گونجتی رہی۔

تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے پاک فوج کی جرات، بہادری اور دشمن کو دندان شکن جواب دینے پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ افواجِ پاکستان نے بھارت کو وہ سبق سکھایا ہے جو وہ ہمیشہ یاد رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین پر میلی آنکھ ڈالنے والے کو سخت انجام بھگتنا پڑے گا۔

مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پوری قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی ہے اور ہر شہری ملک کی خودمختاری اور دفاع کے لیے ہر وقت تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کا دن سجدۂ شکر بجا لانے کا دن ہے کہ ہماری افواج نے دشمن کو واضح پیغام دیا کہ پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے۔ قوم، سیاسی قیادت، اور عسکری اداروں نے جس اتحاد و یگانگت کا مظاہرہ کیا، وہ دنیا کے لیے ایک مثال ہے۔

سفارتی محاذ پر بھی پاکستان نے دنیا کو باور کرایا کہ ہم ایک امن پسند قوم ہیں، مگر اگر ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ مقررین نے پاکستانی میڈیا کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا جس نے بھارتی جھوٹے پروپیگنڈے کو بے نقاب کیا۔

تقریبات کے اختتام پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شاندار آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا، جس نے آسمان کو رنگ و نور سے جگمگا دیا۔ شہریوں نے آتشبازی سے خوب لطف اٹھایا اور افواجِ پاکستان کے حق میں جذباتی نعرے لگاتے رہے۔

Shares: