ننکانہ صاحب (نامہ نگار احسان اللہ ایاز) ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ نے مختلف امتحانی مراکز کا اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے امتحانی مراکز میں کیو آر کوڈ سکین کر کے امیدواروں کی شناخت چیک کی۔ اس موقع پر انہوں نے نگران عملے کی حاضری، نقل کی روک تھام، سکیورٹی اور روشنی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔
دوران چیکنگ ڈپٹی کمشنر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نقل اور دھوکہ دہی میں ملوث افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ کیو آر کوڈ سکین ٹیکنالوجی سے نقل اور دھوکہ دہی کا راستہ بند کر دیا گیا ہے اور اب کوئی امیدوار کسی کی جگہ پرچہ نہیں دے سکتا۔ ڈی سی ننکانہ نے کہا کہ جعل سازی کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں یقینی بنائی جا رہی ہیں اور اسسٹنٹ کمشنرز و دیگر متعلقہ ضلعی افسران بھی امتحانی مراکز کی سخت مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے ضلع کے تمام نگران عملہ کو امیدواروں کی جانچ پڑتال مزید سخت کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔