نئی نسل کو منشیات سے بچانے اورمنشیات کے خلاف آگاہی کے لئے طلبہ کے بنائے پوسٹر کی نمائش اور اسی حوالے سے خصوصی سیمینارکا انعقاد نیشنل کالج آف آرٹس اور ڈرگ ایڈوائزری ٹریننگ حب کے اشتراک سے کیا گیا۔
کنسلٹنٹ انسداد منشیات مہم سید ذوالفقار حسین نے بطور مہمان خصوصی شرکاء کو خصوصی لیکچر دیا ۔وائس چانسلر این سی اے پروفیسر ڈاکٹر مرتضیٰ جعفری نےتقریب کی صدارت کی۔ اس موقع پر رجسٹرار بشرہ سعید خان، ڈپٹی رجسٹرار شہزاد تنویر، کوآرڈینیٹر ڈرگ ایڈوائزری سید محسن، وائس چیئرمین عدیل راشد سمیت طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد میں شرکت کی۔
کنسلٹنٹ انسداد منشیات مہم سید ذوالفقار حسین نے کہا کہ ہم نےنیشنل کالج آف آرٹس کو دو سال کے لیے سموک اینڈ ڈرگ فری کیمپس کا سرٹیفیکیٹ جاری کردیا ہے۔نیشنل کالج آف آرٹس کے سموک اینڈ ڈرگ فری کیمپس کے حوالے سے اقدامات قابلِ ستائش ہیں۔
اس موقع پر ڈاکٹر مرتضیٰ جعفری وائس چانسلر نے کہا کہ ہمارا کام طلبہ کو تعلیم کے ساتھ تربیت دینا ہے اور ان کو ایسا ماحول دیں جس میں ڈرانے والی باتیں کم اور زندگی کے مثبت پہلوں پر باتیں کی جا تی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کا مسئلہ ہم سب کے لئے لمہ فکریہ ہے اس موقع پر طلبہ کی بنائی ہوئی منشیات کے خلاف پوسٹر کی نمائش کا افتتاح پروفیسر ڈاکٹر مرتضیٰ جعفری اور کنسلٹنٹ انسداد منشیات مہم سید ذوالفقار حسین نے کیا۔