ملک بھر میں قومی خوشحالی سروےزور و شور سے جاری،بینظیر انکم سپورٹس پروگرام ثانیہ نشتر

0
28

سرگودہا ۔وزیر اعظم کی معاون برائے سماجی تحفظ وچیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹس پروگرام ثانیہ نشتر نے کہاکہ ملک بھر میں قومی خوشحالی سروے 30جون تک مکمل کر لیاجائیگا ۔ اب تک 70 فیصد سروے مکمل ہو چکاہے ۔ پنجاب میں 54 فیصد جبکہ سرگودہا ڈویژن میں مجموعی طورپر 28 فیصد سروے مکمل کیا جاچکاہے ۔ 70 لاکھ خاندانوں کو احساس کفالت پروگرام کے تحت ادائیگیاں شروع کر دی گئی ہیں ۔ سروے کے بعد نئے رجسٹرڈ سات لاکھ خاندانوں کو ایس ایم ایس بھیجے جارہے ہیں کہ آپ متعلقہ بینک پر جا کر اپنے پیسے لے سکتے ہیں ۔ نئے سروے سے 13 لاکھ حقدار ایسی خواتین کو تاحال ادائیگیاں اس لئے نہیں ہوسکیں کہ ان کے پاس نادراکے شناختی کارڈ نہ ہیں ۔ انہیں بذریعہ خط کہاگیاکہ اپنے شناختی کارڈ جلد از جلد بنوا کر احساس کفالت کے پیسے حاصل کر سکتی ہیں ۔وہ آج اپنے دورہ سرگودہا کے موقع پر ڈپٹی کمشنر دفتر میں صحافیوں کو احساس کفالت پروگرام سے متعلق بریفنگ دے رہی تھیں ۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل بینظیر انکم سپورٹس پروگرام پنجاب رانا شاہد ‘ ڈی جی ہیڈکوارٹر نوید اکبر ‘ ڈپٹی کمشنر سرگودہا نائلہ باقر اور ڈائریکٹر بینظیر انکم سپورٹس پروگرام سرگودہا مقدس نوید چیمہ بھی ہمراہ تھے ۔ چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹس پروگرام ثانیہ نشتر نے کہاکہ احساس پروگرام سے بہت سے سفید پوش افراد بھی استفادہ کر رہے ہیں ان کا بھرم برقرار رکھنے کیلئے ستمبر سے ادائیگیوں کا نظام تبدیل کیاجارہاہے او رایسے سفید پوش افراد اپنے اکاونٹ سے چیک کے ذریعے بھی رقم حاصل کرسکیںگے ۔ انہوں نے کہاکہ مستحق خصوصی افراد بھی نادرا سے خصوصی شناختی کارڈ بنواکر احسا س کفالت پروگرام میں شامل ہوسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ملک بھر میں ڈیجیٹل بنیادوں پر احساس سروے کیا جارہاہے جبکہ سرگودہا میں نئے ماڈل کے تحت سروے جاری ہے ۔ سرو ے کیلئے این جی اوز اور مقامی اساتذہ کی مددلی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر غیر سیاسی بنیادوں پر جاری سروے کا مقصد مستحق خاندانوں کا پتہ چلا کر شفاف انداز میں رقم ان تک پہنچانا ہے ۔ انہوں نے و اضح کیاکہ احساس سروے مفت کیا جارہا ہے جس کی کوئی فیس نہیں ۔ایک سوال کے جواب میںانہوں نے بتایاکہ پچھلے سال کرونا کی وجہ سے قومی خوشحالی سروے متاثر ہوا لیکن اب دوبارہ بھر پور انداز میں سروے کا کام جاری ہے ۔ ایک او رسوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ کرونا لاک ڈاؤن میں شفاف انداز میں 12 ہزار روپے فی کس ملک کی آبادی تک پہنچائے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ جہاں سروے جاری ہے وہاں وہ خود جا کر معائنہ کر رہی ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ایسے سرکاری افسران او رملازمین کے علاوہ غیر مستحق افراد جنہوں نے بینظیر انکم سپورٹس پروگرام سے کوئی مدد حاصل کی ان کے خلاف فوری کارروائی کرتے ہوئے ملازمتوں سے برخاست کر دیاگیا جبکہ اب ایسا شفاف نظام تشکیل دیاگیا ہے کہ کوئی سرکاری افسر یا فرد کسی قسم کی مدد نہیں لے سکے گا ۔ ثانیہ نشتر نے کہاکہ احساس پروگرام کے تحت احساس کفالت ‘ احساس وظیفہ او راحساس بلاسود قرضہ پروگرام سے اب تک لاکھوں مستحق افراد استفادہ کرچکے ہیں ۔ قبل ازیں دفتر آمد پر کمشنر ڈاکٹر فرح مسعود او رڈپٹی کمشنر نائلہ باقر نے چیئر پرسن بینظیر انکم سپورٹس پر وگرام ثانیہ نشتر کا استقبال کیا ۔ ڈپٹی کمشنر نائلہ باقر نے سرگودہا میں جاری قومی خوشحالی سروے بارے تفصیلی بریفنگ دی ۔ وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی بہبود نے سلیمان پورہ کادورہ کر کے احساس کفالت پروگرام سے استفادہ کرنے والی خواتین سے ملاقات کر کے مسائل دریافت کئے ۔

Leave a reply