غیرت کے نام پر قتل ہونے والی نواسی کا کس کے ہاتھوں ہوا خون
غیرت کے نام پر قتل ہونے والی نواسی کا کس کے ہاتھوں ہوا خون
باغی ٹی وی : کوہاٹ کے علاقہ مندونی میں غیرت کے نام پر جوانسال نواسی کو قتل کرنیوالے ملزم کو موقع پرآلہ قتل سمیت گرفتارکرلیاگیاہے۔زیر حراست ملزم نے ابتدائی پوچھ گچھ میں اعتراف جرم کرلیا ہے جسکے خلاف تھانہ گمبٹ میں قتل اور اقدام قتل کا مقدمہ درج کرلیاگیا ہے۔غیرت کے نام پر رونما ہونیوالے اس واقعے میں نوشہرہ سے تعلق رکھنے والا ایک نوجوان زخمی ہوا ہے جسے ہسپتال داخل کرادیاگیا ہے۔
واردات میں ملوث زیر حراست ملزم کے قبضے سے ملنے والا آلہ قتل اور موقع واردات سے برآمد ہونیوالے دیگر اہم شواہد فارنزک لیبارٹری ارسال کردئیے گئے ہیں۔گرفتار ملزم کو ابتدائی قانونی کاروائی مکمل کرنے کے بعدعدالت کے سامنے پیش کرکے جوڈیشل ریمانڈ پرجیل بھیج دیا گیا ہے۔ڈی ایس پی صدر ناظر حسین نے ایس ایچ او تھانہ گمبٹ اقبال خان اور تفتیشی آفیسر خلیل عثمان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ روز مقامی پولیس کو اطلاع ملی کہ تھانہ گمبٹ سے ملحقہ یونین کونسل زیارت شیخ اللہ داد کے دورافتادہ علاقہ شادی پور کے موضع مندونی میں ایک رہائشی مکان کے اندر جوانسال دوشیزہ اور نوجوان پر فائرنگ کا واقعہ رونما ہوا ہے جس پر فی الفور کاروائی کرتے ہوئے ایس ایچ او گمبٹ پولیس نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچے جہاں فائرنگ سے جاں بحق لڑکی مسماۃ کوثر بی بی دختر گل مجید سکنہ مندونی کی لاش اور واقعے میں زخمی نوشہرہ کے رہائشی لڑکے رضوان شاہ ولد بہادر شاہ کو ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ پولیس نے موقع پر کاروائی کرتے ہوئے فائرنگ کے اس واقعے میں ملوث ملزم حبیب خان ولد غلام حبیب خان سکنہ مندونی شادی پور جو لڑکی کا نانا ہے کورنگے ہاتھوں گرفتار کرکے تھانہ گمبٹ منتقل کردیا۔ ڈی ایس پی نے بتایا کہ واردات کے بعدفوری طور پر جائے وقوعہ سے حراست میں لئے گئے ملزم کے قبضے سے پولیس نے آلہ قتل پستول بمعہ کارتوس بھی برآمد کرکے تحویل میں لی ہے اور جائے واردات سے دیگر اہم شواہد بھی قبضے میں لیکر فارنزک لیبارٹری ارسال کردئیے گئے ہیں۔
ڈی ایس پی ناظر حسین نے بتایا کہ مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل اور اقدام قتل کے اس واقعے میں اپنے نانا کے ہاتھوں جوانسال دوشیزہ کوثر بی بی جاں بحق ہوئی ہیں جبکہ نوشہرہ کا رہائشی لڑکا رضوان زخمی حالت میں ہسپتال داخل کرادیاگیاہے۔انہوں نے بتایا کہ جائے واردات سے موقع پر گرفتار ملزم کے خلاف قتل اور قدام قتل کی باقاعدہ ایف آئی آر تھانہ گمبٹ میں درج کرلی گئی ہے جسکی تفتیش درست سمت میں جاری ہے۔ڈی ایس پی صدرنے بتایا کہ زیر حراست ملزم نے ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے واقعے کے حوالے سے انکشاف کیا ہے کہ وہ گاؤں مندونی میں رہائش پزیر اپنی بیٹی سے ملنے گیا جہاں دیگر اہلخانہ کی عدم موجودگی میں اس نے اپنی بیٹی کی رہائشی مکان کے ایک کمرے میں اپنی جوانسال نواسی کو غیر مرد کیساتھ دیکھا تو طیش میں آکر اس نے دونوں پر فائرنگ کردی اورواردات کے بعد جب وہ جائے وقوعہ سے فرار ہونے لگا تو اس دوران پولیس کے نرغے میں آگیا۔ڈی ایس پی کے مطابق گرفتار ملزم پولیس کے سامنے اپنے جرم کا اعتراف کرچکا ہے جسے ابتدائی قانونی کاروائی مکمل کرنے کے بعد عدالت کے سامنے پیش کردیا گیا جہاں سے بعد ازاں انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیاگیاہے۔ڈی ایس پی صدر ناظر حسین نے مزید بتایا کہ مبینہ طور پرغیرت کے نام پر برپا ہونیوالی قتل اور اقدام قتل کی اس لرزہ خیز واردات میں ملوث ملزم کی فوری گرفتاری مقامی پولیس کی بہترین کارکردگی کا بین ثبوت ہے جسے عوامی حلقوں میں بے حد پزیرائی ملی ہے۔