ناظم جوکھیو قتل کیس کی تفتیشی ٹیم تبدیل کر دی گئی

0
26

کراچی : ناطم جوکھیو قتل کیس کی تفتیشی ٹیم کو تبدیل کر دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقہ ملیرجام گوٹھ میں ناظم جوکھیو کے قتل کیس کی تفتیشی ٹیم تبدیل کردی گئی ہے۔ نئی تفتیشی ٹیم کی تشکیل کے لیے ایڈیشنل آئی جی کراچی نے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔ ایڈشنل آئی جی کراچی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق نئی جوائنٹ تین رکنی تفتیشی ٹیم کی سربراہی اے آئی جی پی تنویرعالم اوڈھو کریں گے اور ڈی ایس پی غلام علی جومانی اور انسپکٹر سراج احمد لاشاری بھی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔
کیس کی تفتیش میں مدعی مقدمہ کی جانب سے عدم اطمینان کےاظہار کے بعد نئی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی۔نئی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دینے کے بعد پرانی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم خود بخود تحلیل ہو جائے گی، ذرائع کے مطابق تین رکنی ٹیم پرانی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم سے اب تک ہونے والی تمام تفصیلات حاصل کرے گی اور فورا اپنا کام شروع کرے گی۔

یاد رہے کہ ناظم جوکھیو کے بھائی نے کیس کی پیش رفت اور تفتیش پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی سے تحقیقاتی ٹیم تبدیل کرنے کی درخواست کی تھی۔

درخواست میں اے آئی جی فنانس تنویر عالم اوڈھو ، انسپکٹر سراج لاشاری اور ڈی ایس پی غلام علی جمانی کے نام پیش کیے تھے اور کہا تھا کہ تفتیش متعلقہ افسران کو سونپی جائے۔ جس کے بعد ایڈیشنل آئی جی کراچی کی جانب سے بنائے گئے بورڈ نے درخواست منظور کرتے ہوئے قانون کے مطابق تفتیش میں تبدیلی کی منظوری دی ۔ واضح رہے کہ ناظم جوکھیو قتل کیس میں اب تک 6 ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے، کیس میں نامزد جام عبدالکریم سمیت 4 ملزمان ضمانت قبل از گرفتاری حاصل کرچکے ہیں۔

Leave a reply