سینئر رکن ایم کیو ایم نسرین جلیل نے کہا ہے کہ پارٹی کے حق پرستی پر مبنی نظریہ سے متاثر ہوکر پاکستان کے عوام جوق در جوق شمولیت اختیار کر رہے ہیں.
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکزی انتخابی دفتر پاکستان ہاؤس میں ایک اہم پریس کانفرنس کے ذریعے مرکزی کمیٹی کی سینئر رکن نسرین جلیل نے کہا کہ ایم کیو ایم کے حق پرستی پر مبنی نظریہ سے متاثر ہوکر پاکستان کے عوام جوق در جوق شمولیت اختیار کر رہے ہیں ہمارے لیے آج کا دن اہم ہے،ایم کیو ایم کے 28 جولائی کے کامیاب یوتھ کنونشن کے بعد پاکستان کے عوام میں ایک نئی امید جاگی ہے اور پاکستان کے عوام ایم کیو ایم کی جانب دیکھ رہے ہیں کیونکہ ایم کیو ایم ہی واحد امید کی کرن ہے اس ملک میں جو جاگیردارانہ نظام کیخلاف سیسہ پلائی دیوار ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ اب قابل اور پڑھے لکھے لوگ پاکستان کی باگ دوڑ سنبھالیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے جلسے میں ہزاروں کی تعداد میں مرد اور خواتین شرکت کرتے ہیں،ایم کیو ایم کے جلسوں کی جو خاص بات ہے وہ ہماری جماعت کا نظم وضبط ہے جس کی مثال آج بھی مخالفین دیتے ہیں اور آج اسی نظم وضبط اور تنظیم کے حق پرستانہ نظریہ سے متاثر ہو کر علاقائی سطح پر مرد اور خواتین پارٹی میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں اور آج بھی ایک ایسی شخصیت ایم کیو ایم میں شامل ہورہی ہیں،آج ایم کیو ایم میں فوزیہ خان ،شبانہ نور و دیگر شمولیت اختیار کررہی ہیں،ایم کیو ایم تمام شمولیت اختیار کرنے والوں کو خوش آمدید کہتی ہے اور ہم چاہتے ہیں خواتین اس ملک کی ترقی و خوشحالی میں کردار ادا کریں۔اس موقع پر حق پرست اراکین اسمبلی و دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔
پریس کانفرنس سے گفتگو کرتے ہوئے فوزیہ خان نے کہا کہ میں بہت خوش قسمت محسوس کر رہی ہوں کہ میں ایم کیو ایم کا حصہ بنی ہوں،ایم کیو ایم وہ واحد جماعت ہے جو خواتین کی عزت کرنا جانتی ہے،ایم کیو ایم کے فکر و فلسفہ سے متاثر ہو کر اس میں شمولیت اختیار کی ہے اور اب ایم کیو ایم کے ساتھ ہی جڑ کر ایم کیو ایم کا پیغام عام کریں گے۔