ریگستان میں یونیورسٹی کا کیمپس ، خبر سے ہر طرف خوشی پھیل گئی

0
44

این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کا تھر کے طالب علموں کے لیے تحفہ، یونیورسٹی نے تھر میں باقاعدہ کیمپس قائم کرتے ہوئے رواں سال ہی بیچلرآف انجینئرنگ میں داخلے شروع کرنے کی تیاریاں کر لی ہیں، اطلاعات کے مطابق تھرسمیت پورے میرپور خاص ضلع میں سرکاری سطح پر یہ پہلا ادارہ ہوگا جس میں اعلیٰ تعلیم دی جاسکے گی۔

این ای ڈی یونیورسٹی آف انجنیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سروش لودھی نے نے بتایا کہ تھرمیں قائم کیے جانے والے کیمپس کو ’’تھرانسٹی ٹیوٹ آف انجنیئرنگ سائنسز اینڈ ٹٰیکنالوجی این ای ڈی یونیورسٹی‘‘کانام دیا گیا ہے جس میں پہلی بارکمپیوٹر سائنس کے شعبے میں داخلے دیے جا رہے ہیں۔ وائس چانسلر نے بتایا کہ تھرمیں خدمات دینے والے اساتذہ کودگنی تنخواہوں کی پیشکش کی گئی ہے۔

یونیورسٹی کے اعلامیہ کے مطابق اس کیمپس میں خواہشمند طلبا 31اگست کواین ای ڈی یونیورسٹی کراچی کے مرکزی کیمپس میں ہونے والے داخلہ ٹیسٹ میں ہی شریک ہوسکیں گے ۔ مذکورہ کیمپس میں کمپیوٹرسائنس کے داخلوں کے لیے 60 نشستیں مختص کی گئی ہیں اوراین ای ڈی یونیورسٹی کی پالیسی کے مطابق بیشتر نشستیں میرپورخاص تعلیمی بورڈ سے انٹر کرنے والے طلبہ کے لیے ہیں جبکہ دیگرتعلیمی بورڈزکے طلبہ کے لیے بھی کچھ نشستیں مختص کی گئی ہیں۔

حکومت سندھ کے ذرائع کے مطابق تھرکیمپس کوفعال کرنے کے لیے فوری طورپر 200ملین روپے کی گرانٹ منظورکردی ہے ،تھرکیمپس کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے وائس چانسلراین ای ڈی یونیورسٹی کا مزیدکہنا تھا کہ اس کیمپس کے انتظامی واکیڈمک معاملات کاکنٹرول مکمل طورپر این ای ڈی یونیورسٹی کے پاس ہوگا۔

ذرائع کے مطابق حکومت سندھ نے تھرکیمپس کے لیے 317ایکڑاراضی دینے کا عندیہ دیا ہے اور دوسال میں 850ملین روپے بطور ڈیولپمنٹ گرانٹ بھی منظورکی گئی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ کہ طلبہ اوراساتذہ کی رہائش کے لیے جوعمارت کرائے پر لی جارہی ہے اس میں فیکلٹی اپنا کرایاخود دے گی جبکہ طلبہ کے لیے رہائشی ہاسٹل کے اخراجات میں سے کچھ طلبہ سے لیاجائے گاجبکہ کچھ یونیورسٹی اداکرے گی۔

Leave a reply