پاکستان کی مشہور و معروف اداکارہ نیلم منیر نے بالآخر اپنے مداحوں کو حیرت میں ڈال دیا ہے اور شادی کے بندھن میں بندھ گئیں۔
یہ خبر جب سے منظر عام پر آئی ہے، نیلم منیر کے مداحوں میں سنسنی پھیل گئی ہے اور سوشل میڈیا پر مختلف تبصرے اور افواہیں گردش کر رہی ہیں۔ نیلم منیر نے گزشتہ ہفتے ایک انٹرویو کے دوران شادی سے متعلق بات کی تھی۔ اداکارہ نے کہا تھا کہ اُن کا فی الحال یا مستقبل قریب میں شادی کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ تاہم، نیلم منیر کی اچانک شادی کی خبر نے سب کو چکرا کر رکھ دیا ہے، کیونکہ ایک طرف وہ شادی کے بارے میں انکار کر رہی تھیں، تو دوسری طرف یہ خبر آنا سب کے لیے باعث حیرانی بن گئی۔
نیلم منیر کی شادی کی خبر نے جہاں ان کے مداحوں کو حیران کن طور پر خوش کیا، وہیں اس خبر نے سوشل میڈیا صارفین کو بھی گہرا متجسس کر دیا ہے۔ خاص طور پر نیلم منیر کی شادی دبئی میں ہونے کے حوالے سے کئی سوالات اٹھ رہے ہیں۔ اکثر لوگ ان کے شوہر کے بارے میں جاننا چاہتے ہیں، لیکن ابھی تک اس حوالے سے کوئی واضح تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔
بعض سوشل میڈیا رپورٹس کے مطابق، نیلم منیر کے شوہر کا تعلق دبئی سے ہے اور وہ ایک کاروباری شخصیت ہیں۔ تاہم، ان کی شناخت یا مزید تفصیلات ابھی تک منظر عام پر نہیں آئی ہیں۔
نیلم منیر کی نکاح کی پوسٹ پر صارفین کی جانب سے مختلف دلچسپ تبصرے کیے جا رہے ہیں۔ ایک صارف نے لکھا: "نیلم منیر نے ‘حبیبی کم ٹو دبئی’ کو بہت سنجیدہ طور پر لے لیا ہے”، جبکہ دوسرے نے طنزیہ انداز میں لکھا "فائنلی حبیب وینٹ ٹو دبئی۔” اس کے علاوہ کچھ لوگوں نے نیلم منیر کے شوہر کو "شیخ” کے طور پر پکارا اور کہا کہ وہ بہت شریف انسان لگ رہے ہیں۔ ایک صارف نے لکھا، "اللہ جوڑی سلامت رکھے۔”
نیلم منیر کی شادی کے بعد ایک اور دلچسپ بات یہ سامنے آئی ہے کہ اداکارہ نے دورِ حاضر کی دیگر اداکاراؤں کی طرح غیر مناسب لباس پہننے کی بجائے ایک خوبصورت اور مکمل لباس کو ترجیح دی ہے۔ اس پر ایک صارف نے تعریف کرتے ہوئے کہا: "نیلم منیر نے دورِ حاضر کی متعدد اداکاراؤں کی طرح نامناسب لباس پہننے کے بجائے خوبصورت اور مکمل لباس پہنا ہے۔”
انسٹاگرام پر ایک صارف ایزل فاطمہ نے دعویٰ کیا کہ نیلم منیر کی شادی کو ایک ماہ ہو چکا ہے، تاہم سوشل میڈیا پر پوسٹ دیر سے کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ، کچھ صارفین نے نیلم منیر کی شادی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ شادی شاید اداکارہ کی بار بار دبئی جانے کی وجہ تھی۔ ایک صارف نے لکھا: "نیلم منیر نے لمبا ہاتھ مارا ہے!”