وادی نیلم میں کلاؤڈ برسٹ سے تباہی، 5 مکانات اور 3 بجلی گھر شدید متاثر،5 افراد لاپتہ

0
68

مظفر آباد: وادی نیلم میں پانی سے بھرے بادل(کلاؤڈ برسٹ) پھٹ پڑے جس سے سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔

باغی ٹی وی : انتظامیہ کے مطابق وادی میں سیلابی ریلے کے باعث 5 افراد لاپتا ہوگئے جب کہ انفرااسٹرکچر کو بھی نقصان پہنچا ہے وادی نیلم میں واقع رتی گلی جھیل پر پھنسے ہوئے 100 سے زائد سیاحوں کو ریسکیو کر لیا گیا ہے تمام سیاح محفوظ ہیں جب کہ سیلابی ریلے نے 5 مکانات اور 3 بجلی گھروں کو شدید متاثر کیا ہے۔

وزیراعظم ہاؤس آزاد کشمیر کے ترجمان کے مطابق تمام ریسکیو کیے جانے والے سیاحوں کے رہنے اور کھانے پینے کا بندوبست کردیا گیا ہے جبکہ کلاوڈ برسٹ کے باعث متاثر ہونے والے گھروں کے مکینوں کو بھی متبادل جگہ پر منتقل کیا جا رہا ہے ڈپٹی کمشنر اور ایس پی وادی نیلم ریسکیو آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔

دوسری جانب مانسہرہ میں متبادل راستہ بنا کر شاہراہ کاغان کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہےسیلابی ریلے سے بٹل اسٹیل برج بہہ جانے سے شاہراہ کاغان بند ہو گئی تھی۔

کلاؤڈ برسٹ کیا ہے؟

جب کسی چھوٹے سے علاقے میں سو ملی میٹر فی گھنٹہ یا اس سے زیادہ بارش ریکارڈ کی جائے تو اسے کلاؤڈ برسٹ کہا جاتا ہے کلاؤڈ برسٹ اصل میں اچانک برساتی طوفان کو کہتے ہیں جو عمومی طور پر صحراؤں یا پہاڑی علاقوں میں آتا ہے کلاؤڈ برسٹ یقیناﹰ ایک فطری عمل ہے، تاہم یہ غیرمتوقع اور اچانک ہوتا ہے۔

سائنسی طور پر یہ مظہر تب وقوع پذیر ہوتا ہے، جب زمین کی سطح یا بادلوں سے نیچے گرم ہوا کی لہریں ہوں۔ ایسی صورت میں بادلوں سے برسنے والی بارش زمین کی سطح پر پہنچنے سے قبل دوبارہ بخارات کی صورت میں بادلوں میں پہنچا شروع ہو جاتی ہے، یوں بادلوں زیادہ کثیف ہو جاتے ہیں کیوںکہ بارش کے پرانے قطرے (برس جانے والے) بادلوں سےبرسنے والے نئے قطروں کو دوبارہ بادلوں کی جانب دھکیلتے ہیں۔ یہی اوپر کی جانب بڑھتا دباؤ بادلوں کو زیادہ تیزی سے کسی مقام پر شدید ترین بارش پر اکساتا ہے۔

محکمہ موسمیات پاکستان کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق کلاؤڈ برسٹ کو رین گش اور رین گسٹ بھی کہا جاتا ہے۔ اگرکسی چھوٹے علاقے میں مختصر وقفے میں شدید بارش ہوجائے تو اسے کلاؤڈ برسٹ کہا جاتا ہے۔اس کے لیے ضروری ہے کہ مخصوص علاقے میں ایک گھنٹے میں کم سے کم 200 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جائے۔

جب پانی کی بڑی مقدار نیچے گرتی ہے تو سیلابی کیفیت پیدا ہوجاتی ہے اور اس کے بہاؤ میں آبادی اور فصلوں کا بہت نقصان ہوسکتا ہے۔ محمکہ موسمیات کے مطابق اگر کسی علاقے میں ایک گھنٹے میں 200 ملی میٹر بارش ہوجائے تو اسے کلاؤڈبرسٹ کہا جاسکتا ہے۔

Leave a reply