رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 11 کروڑ 57 لاکھ سے تجاوز کرگئی
کراچی:ملک بھر میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 11 کروڑ 57 لاکھ سے تجاوز کرگئی،اطلاعات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی جانب سے جاری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملک بھر میں ووٹرز کی تعداد 11 کروڑ سے تجاوز کرگئی ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابی فہرستوں کی حتمی تفصیلات جاری کردیں جس میں بتایا گیا ہے کہ ملک میں کُل ووٹرز کی تعداد 11 کروڑ 57 لاکھ 48 ہزار 753 تک پہنچ گئی ہے۔ای سی پی کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق 2018 میں ملک میں ووٹرز کی تعداد 10کروڑ 59 لاکھ 55 ہزار409 تھی، ووٹرز کی تعداد میں 97 لاکھ 93 ہزار 344 افراد کا اضافہ ہوا ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ملک میں مرد ووٹرز کی تعداد 6کروڑ 40لاکھ78ہزار616 جبکہ میں خواتین ووٹرز کی تعداد 5 کروڑ 16 لاکھ 67 ہزار 599 ہے، اسی طرح خواجہ سرا رائے دہندگان کی تعداد 2 ہزار 538 ہے۔
صوبائی سطح کی اگر بات کی جائے تو پنجاب سرفہرست ہے کیونکہ وہاں ووٹرز کی تعداد 6کروڑ 62 لاکھ 36 ہزار 144 ہے جبکہ سندھ دوسرے نمبر پر رہا جہاں ووٹرز کی تعداد 2 کروڑ 43 لاکھ 51 ہزار 681 ہے۔
خیبر پختونخوامیں رائےدہندگان کی تعداد ایک کروڑ 95 لاکھ 33 ہزار 964، بلوچستان میں کل ووٹرزکی تعداد 48 لاکھ ایک ہزار 131، اسلام آباد میں 8 لاکھ 25 ہزار 833 ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق حتمی انتخابی فہرستیں چار اکتوبر کو آویزاں کی جائیں گی۔
دوسری طرف اوورسیزپاکستانیزکے بھی ووٹرزبھی شامل کئے جارہے ہیں جن کی تعداد بھی 72 لاکھ بتائی جارہی ہے