پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں نئی تاریخ رقم ، انڈیکس تاریخ کی بلند ترین سطح ایک لاکھ ، 21 ہزار پوائنٹس پر پہنچ گیا۔
کاروباری ہفتے کے تیسرے روز اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی دیکھی گئی جس کے بعد اسٹاک مارکیٹ ایک اور سنگ میل عبور کر لیا،کاروبار کے آغاز پر 100 انڈیکس میں 630 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد انڈیکس ایک لاکھ 21 ہزار 81 پوائنٹس پر ٹریڈ کرتے دیکھا گیا،گزشتہ روز بھی اسٹاک مارکیٹ میں مثبت کاروبار کے باعث سرمایہ کاروں کو اربوں روپے کا فائدہ ہوا تھا۔
ماہرین کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں یہ غیر معمولی تیزی آئندہ مالی سال کے بجٹ سے متعلق مثبت توقعات، آئی ایم ایف کے ساتھ جاری مذاکرات میں پیشرفت اور روپے کے استحکام جیسے عوامل کا نتیجہ ہے۔
واضح رہے کہ حالیہ ہفتوں میں اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کا رجحان بڑھ رہا ہے، اور متعدد شعبوں بالخصوص بینکنگ، سیمنٹ، توانائی اور ٹیلی کام میں نمایاں خریداری دیکھی جا رہی ہے۔