قذافی اسٹیڈیم لاہور میں سہ ملکی سیریز کا پہلا میچ کھیلا گیا، جس میں نیوزی لینڈ نے میزبان پاکستان کو جیت کے لیے 331 رنز کا ہدف دیا۔
نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔نیوزی لینڈ کی جانب سے ول ینگ اور رچن رویندرا نے اننگز کا آغاز کیا، تاہم شاہین آفریدی نے پہلے ہی اوور میں ول ینگ کو وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ کرا دیا۔ اس کے بعد 39 کے مجموعے پر ابرار احمد نے رچن رویندرا کو آؤٹ کر کے ٹیم کی مزید مشکلات میں اضافہ کیا۔دونوں ابتدائی وکٹیں گرنے کے بعد کین ولیمسن اور ڈیرل مچل نے ذمہ داری سے اسکور کو آگے بڑھایا۔ تاہم 134 کے مجموعی اسکور پر شاہین آفریدی نے کین ولیمسن کو 58 رنز پر آؤٹ کر دیا، اور اس کے بعد ٹوم لیتھن بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
ڈیرل مچل اور گلین فلپس کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت نیوزی لینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 330 رنز بنائے۔ گلین فلپس نے شاندار اننگز کھیلتے ہوئے 106 رنز بنائے اور 72 گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کی، جبکہ ڈیرل مچل نے 81 رنز کی قیمتی اننگز کھیلی۔
پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے تین وکٹیں حاصل کیں، ابرار احمد نے دو اور حارث رؤف نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ حارث رؤف اپنے ساتویں اوور کے دوران درد کی شکایت کے باعث میدان سے باہر چلے گئے۔
قبل ازیں ٹاس جیت کر کیوی کپتان مچل سینٹنر کا کہنا تھا کہ وکٹ بیٹنگ کے لیے سازگار دکھائی دے رہی ہے، اس لیے ہم نے پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ اگر وہ ٹاس جیتتے تو وہ بھی بیٹنگ ہی کرتے۔ محمد رضوان نے بتایا کہ پاکستان کی جانب سے بابر اعظم آج فخر زمان کے ساتھ اوپننگ کریں گے، اور یہ سیریز چیمپئنز ٹرافی کی تیاریوں کے لیے بہت اہم ہے۔
پاکستان ٹیم میں فخر زمان، بابر اعظم، کامران غلام، محمد رضوان، سلمان علی آغا، طیب طاہر، خوشدل شاہ، شاہین آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف اور ابرار احمد شامل ہیں۔