نیشنل فنانس کمیشن میں جاوید جبار کی بلوچستان کیلئے نامزدگی، حکومتی اتحادی جماعت نے کیا بڑا اعلان
نیشنل فنانس کمیشن میں جاوید جبار کی بلوچستان کیلئے نامزدگی، حکومتی اتحادی جماعت نے کیا بڑا اعلان
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق تحریک انصاف کے اتحادی بلوچستان سے رکن قومی اسمبلی اسلم بھوتانی نے نیشنل فنانس کمیشن میں جاوید جبار کی ممبر بلوچستان تقرری پہ سخت احتجاج کیا ہے
اسلم بھوتانی نے جاوید جبار کی تقرری کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان کیا ہے، اسلم بھوتانی کا کہنا ہے کہ وزیر اعلی بلوچستان کو ایک کروڑ تیس لاکھ آبادی میں صوبے کی نمائندگی کے لئے کوئی فرد نہیں ملا ؟ جاوید جبار کی نامزدگی بلوچستان کے عوام کی توہین ہے،
اسلم بھوتانی کا کہنا تھا کہ کیا یہ پیغام دیا جا رہا ہے کہ بلوچستان میں کوئی این ایف سی کا ممبر بننے کے لئے اہل نہیں ،جاوید جبار کو بلوچستان کے معروضی حالات کا کیا علم ہے؟ انہوں نے مطالبہ کیا کہ صدر مملکت این ایف سی میں جاوید جبار کا نام واپس لیں ،
اسلم بھوتانی نے اعلان کیا کہ عدالت میں معروف قانون دان امان اللہ کنرانی میرے مقدمے کی پیروی کریں گے،
واضح رہے کہ صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے 10 ویں قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ کی تشکیل کردی ہے ۔نوٹیفکیشن کے مطابق صدرمملکت نے دستور 1973کے آرٹیکل 160 (1) کے تحت10 ویں قومی مالیاتی کمیشن ایوارڈ کی تشکیل کردی ہے ۔
وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ واقتصادی امورڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ این ایف سی ایوارڈ کے چیئرمین ہوں گے ، وزیرخزانہ سندھ، وزیرخزانہ پنجاب، وزیرخزانہ بلوچستان، وزیرخزانہ خیبرپختونخوا کمیشن کے ارکان ہوں گے ،دیگر ارکان میں طارق باجوہ (پنجاب)، ڈاکٹراسدسعید (حکومت سندھ)، مشرف رسول(حکومت خیبرپختونخوا اور جاویدجبار(حکومت بلوچستان) شامل ہیں، وفاقی سیکرٹری خزانہ این ایف سی کے سرکاری ماہر(آفیشل ایکسپرٹ)ہوں گے ۔
صدرمملکت نے وزیرخزانہ کی عدم موجودگی میں وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ ومحصولات کو این ایف سی ایوارڈ کے اجلاسوں کی صدارت کا اختیار تفویض کردیا ہے ۔کمیشن وفاق، صوبوں اور دیگر علاقوں کیلئے وسائل کے امور طے کرے گا۔واضح رہے کہ آئین کے تحت ہر پانچ سال بعد اس ادارے کو نیا فارمولا وضع کرنا ہوتا ہے ۔