ملائیشیا:عام انتخابات میں کوئی جماعت واضح اکثریت حاصل نہ کرسکی

0
39

کواللمپور:ملائیشیا کے عام انتخابات میں کوئی بھی جماعت حکومت بنانے کیلئے واضح اکثریت حاصل نہیں کرسکی۔یہ بھی کہا جارہا ہے کہ اب مختلف جماعتیں ایک دوسرے کے ساتھ اتحاد کا سوچ رہی ہیں‌

ملائیشیا کے الیکشن کمیشن کے مطابق انور ابراہیم کے اتحاد پاکاتان ہراپن (پی ایچ) نے 222 رکنی پارلیمنٹ میں سب سے زیادہ 82 نشستیں حاصل کی ہیں جبکہ سابق وزیراعظم محی الدین یاسین کی پیریکاتن نیشنل (پی این) 73 نشستوں کے ساتھ پیچھے ہے، موجودہ ملائیشین وزیراعظم اسماعیل صابری یعقوب کی حکمران جماعت باریسن نیشنل (BN) اتحاد کو صرف 30 نشستوں پر ہی کامیابی ملی۔

زیادہ نشستیں جیتنے والے دونوں امیدواروں انور ابراہیم اور محی الدین نے اتوار کو اپنی اپنی کامیابی کا اعلان کردیا حالانکہ نتائج یہ ظاہر کرتے ہیں کہ دونوں میں سے کسی کے پاس حکومت بنانے کے لیے درکار ووٹ نہیں ہیں، حکومت بنانے کیلئے 112 ووٹوں کی ضرورت ہوگی۔

ہفتہ کی رات اپنے حامیوں سے خطاب میں انور ابراہیم نے دعویٰ کیا کہ انہیں حکومت بنانے کے لیے پارلیمنٹ کے اراکین کی کافی حمایت حاصل ہے اور وہ بادشاہ کو لکھے گئے خط میں اپنی حمایت کی تفصیل دیں گے، جبکہ محی الدین نے اپنے حامیوں کو یہ بتایا کہ وہ صباح اور سراواک سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سے ایک اتحاد بنانے کے لیے بات چیت کر رہے ہیں۔

الیکشن میں ملائیشیا کے سابق وزیراعظم 97 سالہ مہاتیر محمد 53 سال میں پہلی مرتبہ اپنی پارلیمانی سیٹ ہار گئے۔ مہاتیرمحمد نے دو دہائیوں سے زائد عرصے تک ملائیشیا کے وزیر اعظم کے طور پر کام کیا وہ اپنی پارلیمانی نشست برقرار رکھنے میں ناکام رہے، 1969 کے بعد انتخابات میں مہاتیر کی یہ پہلی شکست ہے۔

Leave a reply