اسلام کی خاطر شوبز کو خیر باد کہنے والی سابق اداکارہ نور بخاری نے بھارت میں کورونا کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے باعث بھارتیوں کو سورہ رحمٰن سننے کا مشورہ دیا ہے۔
باغی ٹی وی :بھارت کے مختلف علاقوں میں کورونا وائرس کی وبا کا قہر جاری ہے ابھارت نے کورونا کے ایک دن میں سب سے زیادہ 348,000 نئے کیسوں کے معاملے میں پوری دنیا کو پیچھے چھوڑ دیا، جب کہ متاثرین کے لیے انتہائی ضروری آکسیجن گیس کی قلت پیدا ہوگئی اور اس ضمن میں بلیک مارکیٹ بھی سرگرم ہوگئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ شمشان گھاٹوں کی بھی کمی ہو گئی ہے.
بھارت اس وقت دنیا میں کورونا کے پھیلاؤ کا نیا مرکز بنتا جا رہا ہے- جب کہ ہر 4 منٹ میں ایک شخص اس وائرس سے ہلاک ہورہا ہے ایسے میں پاکستان سمیت دنیا بھر سے بھارتی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا جارہا ہے۔
بھارت کی اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے گزشتہ روز ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی نے بھارت کو 50 ایمبولنس اور رضاکار بھجوانے کی پیشکش کی تھی جبکہ آج وزیراعظم عمران خان، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیر اطلاعات فواد چوہدری سمیت پاکستان بھر سے بھارتی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمسایہ ملک کو وینٹی لیٹر، بی آئی پی اے پی، ڈیجیٹل ایکسرے مشین، پی پی ای اور دیگر متعلقہ اشیاء دینے کے لیے تیار ہیں۔
گزشتہ روز سے پاکستان میں ہیش ٹیگ PakistanStandWithIndia# اور PakistanWithIndia# ٹاپ ٹرینڈز میں شامل ہے اور عوام کی جانب سے پاکستان اور بھارت سمیت دنیا بھر سے کورونا کے جلد مکمل خاتمے کے لیے دعائیں کی جا رہی ہیں جن میں پاکستانی فنکار بھی شامل ہیں-
سابق اداکارہ نوربخاری نے بھی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ شیئر کرکے بھارتیوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا ہے۔
نور بخاری نے لکھا ’ہماری دعائیں بھارت کے ساتھ ہیں اللہ رحم کرے‘۔
اس کے ساتھ ہی انہوں نے ان کے بھارتی مداحوں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا ’میرے بھارتی مداح اور فالوورز براہ کرم بطورعلاج دن میں تین بار قاری عبدالباسط کی آواز میں سورہ رحمن کی تلاوت سنیں۔ اور اگر کوئی کورونا میں مبتلا ہے تو اس کے نزدیک یہ سورہ رکھ دیں۔ گھروں میں رہیں محفوظ رہیں۔
نور بخاری کی پوسٹ پر دیگر سوشل میڈیا صارفین نے بھی روحانی علاج کے مشورے دیئے-