نرسنگ کالج کی طالبات نے کیا کشمیریوں کیلئے ایسا کام کہ ہر کوئی سن کر خوش ہو جائے

پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ، امیر الدین میڈیکل کالج اور لاہور جنرل ہسپتال کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے نئے ہجری سال1441کے آغاز پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں تمام عالم اسلام کی بہتری اور خوشحالی کی دعائیں کرنا چاہئیں اور بالخصوص اپنے اُن کشمیری بھائیوں کو فراموش نہیں کرنا چاہیے جو انتہائی نا مساعد حالات میں آزادی کی جدوجہد کر رہے ہیں اور بھارتی جبر و استبداد کے خلاف بر سر اقتدار ہیں،
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پروفیسر محمد الفرید ظفر نے بتایا کہ لاہور جنرل ہسپتال کے نرسنگ کالج کی طالبات روزانہ کشمیری بھائیوں کیلئے خصوصی دعائیں،کلمہ طیبہ و آئیت کریمہ کا ورد کرتی ہیں اور اُن کے مصائب میں جلد ازجلد کمی کی متمنی ہیں، انہوں نے کہا کہ 21ویں صدی میں کسی قوم کو غلام بنا کر نہیں رکھا جا سکتا اور ہمیں نئے ہجری سال کے آغاز پر دنیا بھر کے مسلمانوں کی فلاح و بہبود اور اُن کے تحفظ کیلئے دعاگو ہونا چاہیے، پروفیسر سردار محمد الفرید ظفر اور ڈاکٹر محمود صلاح الدین کا کہنا تھا کہ ہمیں ہمہ وقت مریضوں کی بہترسے بہتر نگہداشت اور دکھی انسانیت کی خدمت کے عزم کا اعادہ کرتے رہنا چاہیے،انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ کوئی شخص خوشی سے ہسپتالوں کا رخ نہیں کرتا اور ہمیں مشکلات میں گھرے ان لوگوں کی مدد کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھنی چاہیے،
انہوں نے کہا کہ نئے اسلامی سال کا آغاز ہم سے تقاضا کرتا ہے کہ ہم نئے عزم اور ولولے کے ساتھ میدان عمل میں اتریں اور سرکاری ہسپتالوں میں عام آدمی کو اُس کی توقع سے بڑھ کر علاج معالجے کی سہولتیں فراہم کریں،ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں صحت کے شعبے میں خاطر خواہ رقوم خرچ کر رہی ہے اور اب یہ ہمارا قانونی اور اخلاقی فریضہ ہے کہ ہم اس کے تمام ثمرات زیادہ سے زیادہ عام آدمی تک پہنچائیں،
واضح رہے کہ جموںکشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کئے جانے کے بعد پاکستانی قوم کا ہر طبقہ کشمیریوں کی ہر ممکن مددوحمایت کر رہا ہے اور ان کیلئے خصوصی دعائیں بھی کی جاتی ہیں،