اوچ شریف:انسداد منشیات مہم گرلز ایسوسی ایٹ کالج میں سمینار اور واک

اوچ شریف باغی ٹی وی ( نامہ نگار حبیب خان) انسداد منشیات مہم کے سلسلے میں طلبہ کو آگہی فراہم کرنے کے لیے گورنمنٹ سیدہ طلعت زہرا گیلانی گرلز ایسوسی ایٹ کالج اوچ شریف میں سمینار و واک کا اہتمام کیاگیا، مقررین کا طلبہ کو منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان کے مضمرات سے خبردار کرنے کے لیے موثر اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور،

تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب کی ہدایات پر منشیات کے نقصانات اجاگر کرنے اور روک تھام کے لیے طلبہ میں شعور وضع کرنے کے حوالے سے گورنمنٹ سیدہ طلعت زہرا گیلانی گرلز ایسوسی ایٹ کالج اوچ شریف میں انسداد منشیات آگاہی سمینار اور واک کا انعقاد کیا گیا۔ سمینار میں اساتذہ اور طالبات نے شرکت کی،

اس موقع پر سمینار کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کالج کی پرنسپل انیسہ بتول نے کہا کہ نگران وزیر اعلٰی پنجاب سید محسن نقوی کے ویژن کے مطابق تعلیمی اداروں میں منشیات کے خاتمہ کے لیے خصوصی مہم کا آغاز کیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ منشیات نسلوں کو تباہ کر دیتی ہے، قرآن پاک میں خمر اور میسر کو رجس قرار دے کر ان کی ممانعت فرمائی گئی ہے اور انہہں شیطانی عمل قرار دیا گیا،

پروفیسر عشرت پروین، پروفیسر نشاء خان، پروفیسر کویتا انجم اور دیگر اساتذہ نے سمینار میں اظہار خیال کرتے ہوئے منشیات کے نقصانات اور اس سے بچنے کے طریقوں پر طالبات کو آگاہی فراہم کی۔

دریں اثناء سمینار کے اختتام پر پروفیسر سمیرا ارشاد کے زیر قیادت انسداد منشیات مہم کے حوالے سے ایک آگاہی واک کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں کالج کے تدریسی و غیر تدریسی سٹاف اور طالبات نے شرکت کی۔ واک کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر سمیرا ارشاد نے کہا کہ معاشرے کے تمام طبقات، اساتذہ کرام منشیات کا مکمل خاتمہ کر کے اپنی نسلوں کو اس لعنت سے بچائیں گے۔

اس موقع پر طلبہ نے انسداد منشیات کے حوالے سے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

Comments are closed.