کھلونے یا تباہی؟ کلکرز پر عالمی تشویش، پاکستان بے خبر

اوچ شریف باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان): ستر کی دہائی میں امریکہ اور یورپ میں پابندی کا شکار ہونے والا خطرناک کھلونا کلکرز اب پاکستان کے شہروں میں بچوں کے ہاتھوں میں عام نظر آ رہا ہے۔ اس کھلونے کی وجہ سے پیدا ہونے والا زوردار شور اور اس کے مسلسل استعمال کے مضر اثرات نے عوام کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔

کلکرز نامی یہ کھلونا دو سخت گیندوں پر مشتمل ہوتا ہے جن کو ایک رسی سے جوڑا جاتا ہے۔ جب ان گیندوں کو ایک دوسرے سے ٹکرایا جاتا ہے تو ایک زوردار آواز پیدا ہوتی ہے۔ اس آواز نے نہ صرف شہریوں کی زندگی کو اجیرن بنا دیا ہے بلکہ بچوں کی صحت پر بھی منفی اثرات مرتب کر رہی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس کھلونے کے مسلسل استعمال سے بچوں میں چڑچڑاپن، ارتکاز کی کمی اور سماجی رویوں میں تبدیلیاں پیدا ہو سکتی ہیں۔

عوام کا کہنا ہے کہ جبکہ پوری دنیا جدید ٹیکنالوجی اور تعلیمی وسائل پر توجہ دے رہی ہے، پاکستان میں بچے ایک ایسے کھلونے کے پیچھے دوڑ رہے ہیں جو نہ صرف وقت کا ضیاع ہے بلکہ ان کی صحت کے لیے بھی خطرناک ہے۔ عوام حکومت سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ وہ اس مسئلے پر فوری نوٹس لے اور کلکرز کی فروخت پر پابندی عائد کرے۔

Leave a reply