
اوچ شریف (نامہ نگار حبیب خان) تحصیل احمد پور شرقیہ بار ایسوسی ایشن کے نو منتخب صدر مہر شوکت یار خان ایڈووکیٹ اور جنرل سیکرٹری خورشید خان بلوچ ایڈووکیٹ کو سماجی و صحافتی رہنماؤں کی جانب سے مبارکباد پیش کی گئی۔ اس موقع پر گلدستے پیش کیے گئے اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔
پریس کلب اوچ شریف کے چیئرمین خواجہ غلام شبیر، سرپرست اعلیٰ احمد حسن اعوان، صدر میاں محمد عامر صدیقی، جنرل سیکرٹری حبیب اللہ خان، اور دیگر عہدیداران سمیت سماجی شخصیات نے تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر مہر شوکت یار خان ایڈووکیٹ اور خورشید خان بلوچ ایڈووکیٹ نے اپنی کامیابی کو عوام کی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ عوام، وکلا، اور صحافی برادری کے اعتماد پر پورا اترنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ان کا گروپ عوام کو سستا اور معیاری انصاف گھروں کی دہلیز پر فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ نو منتخب عہدیداران نے عوام، وکلا، اور صحافتی برادری کے مسائل حل کرنے کے لیے اپنے کردار کو مزید متحرک اور موثر بنانے کا عہد کیا۔
تقریب میں موجود شرکاء نے نو منتخب صدر اور جنرل سیکرٹری کے عزم کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ ان کی قیادت میں وکلا برادری کے ساتھ ساتھ عوامی مسائل کے حل کے لیے بھی قابل ذکر اقدامات کیے جائیں گے۔