لاہور: بالآخربڑے غوروخوض کے بعد پاکستان اور افغانستان کے درمیان ون ڈے سیریز ملتوی کردی گئی ،اطلاعات کے مطابق خطے میں سیکورٹی کی صورتحال کے پیش نظر پاکستان اور افغانستان کے درمیان ہونے والی کرکٹ سیریز کو ملتوی کر دیا گیا۔
یاد رہے کہ پاکستان اورافغانستان کی ون ڈے سیریز سری لنکا میں کھیلی جانے تھی، اس سیریز کے دوران گرین شرٹس نے افغانستان کی میزبانی میں سیریز کھیلنی تھی۔ سیریز میں دونوں ٹیموں کے درمیان 3 سے 9 ستمبر تک 3 میچوں کی ون ڈے سیریز کھیلے جانی تھی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق افغان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو حامد شنواری نے بتایا کہ ہم نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان ہونے والی سیریز ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے، کھلاڑیوں کی حالت اور ذہنی صحت کو دیکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ دونوں ممالک کے درمیان پہلی سیریز تھی جو دو طرفہ کھیلی جانے تھی، اس سے قبل دونوں ٹیمیں ورلڈکپ اور ایشیا کپ میں ایک دوسرے کیخلاف نبرد آزما ہو چکی ہیں۔
حامد شنواری نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور سری لنکن کرکٹ بورڈ نے سیریز کے معاملے پر ہمارے ساتھ تعاون کیا، لیکن موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے سیریز کا انعقاد ممکن نہیں۔
اس سے قبل ترجمان افغان کرکٹ بورڈ کا کہنا تھا کہ افغانستان کی میزبان میں ہونے والی سیریز سری لنکا کی بجائے اب پاکستان میں ہو گی۔ سری لنکامیں لاک ڈاؤن کےباعث سیریزمنتقل ہوئی، افغانستان کے 14 کھلاڑیوں کو پہلے ہی پاکستان کے ویزے جاری ہو چکے ہیں، سیریز کی میزبانی افغانستان کرے گا۔
کرک انفو نے بتایا تھا کہ افغانستان کرکٹ ٹیم رواں ہفتے پاکستان پہنچے گی اور میچز کن میدانوں میں ہو گا اس کا اعلان افغانستان کرکٹ بورڈ کرے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے افغانستان کو پیشکش کی تھی اس سیریز کی میزبانی افغانستان ہی کرے اور یہ سیریز متحدہ عرب امارات یا پاکستان میں کروائی جائے جس کے بعد افغان کرکٹ بورڈ نے یہ سیریز پاکستان میں کروانے کا اعلان کیا تھا۔