مکہ مکرمہ میں‌ ہونے والی اسلامی سربراہی کانفرنس کے پیش نظر مقدس شہر کی تمام سڑکیں اجلاس میں شریک ہونے والے تمام ملکوں کے پرچموں سے سجا دی گئی ہیں.

باغی ٹی وی کی رپور‌ٹ‌ کے مطابق مکہ مکرمہ کی وسیع و عریض سڑکیں اور شاہرائیں مقدس شہر میں ہونے والے خلیجی، عرب اور اسلامی سربراہی اجلاسوں میں شرکت کے لئے آنے والے قائدین کے قومی پرچموں سے سجا دی گئی ہیں۔ مکہ مکرمہ میں‌ سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت اور میزبانی میں تین اجلاس منعقد ہو رہے ہیں۔

سربراہی اجلاس کے سلسلہ میں‌ مقدس شہر کی تزئین اور آرائش کے نگران ادارے کے سیکریٹریٹ نے شہر کے پانچ کلومیٹر رقبے پر خیر مقدمی بینر اور آرائشی جھالریں سجا ئی ہیں۔ اسی طرح خیر مقدمی کلمات پر مبنی نیون سائن اور خوبصورت چراغاں سے شہر بقعہ نور بنا ہوا ہے۔ مکہ مکرمہ ہی میں سعودی عرب کی میزبانی میں 31 مئی جمعہ کو اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی کا چودھواں سربراہ اجلاس منعقد ہو گا۔ شاہ سلمان بن عبدالعزیز اس اجلاس کی صدارت کریں گے جس کاعنوان ’’#مکہ_سمٹ: مستقبل کے لیے اکٹھ ‘‘ رکھا گیا ہے۔ اس اجلاس کا مقصد اسلامی دنیا کو درپیش مسائل کے پیش نظر ایک مشترکہ مؤقف اختیار کرنا ہے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب کے مختلف شہروں‌ پر حوثی باغیوں‌ کے حملوں‌ کے بعد برادر اسلامی ملک کی جانب سے ان اجلاسوں‌کا انعقاد کیا جارہا ہے جس کا مقصد متفقہ طور پر مستقبل کا لائحہ عمل طے کرنا ہے. وزیر اعظم عمران خان بھی اس میں شریک ہوں‌گے.

Shares: