او آئی سی مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کی جان کی حفاظت کے لئے فی الفور اقدامات کرے ، شہباز شریف

0
19

او آئی سی مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کی جان کی حفاظت کے لئے فی الفور اقدامات کرے ، شہباز شریف

باغی ٹی وی :پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر قائدحزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی جرات اور عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرتا ہوں

کشمیری 7 دہائیوں سے زائد عرصہ سے بھارتی ظلم واستبداد کا اپنے آہنی عزم کے ساتھ مقابلہ کررہے ہیں۔مقبوضہ جموں وکشمیر پر غیرقانونی بھارتی قبضہ اقوام متحدہ، سلامتی کونسل اور عالمی قانون کے لئے کھلا چیلنج ہےعالمی اداروں کی ساکھ اس وقت تک بحال نہیں ہوگی جب تک مقبوضہ کشمیر کے عوام کو ان کا جمہوری اور قانونی حق مل نہیں جاتا. نہتے کشمیری عوام حق استصواب رائے کا وعدہ پورا ہونے کے منتظر جام شہادت نوش کررہے ہیں

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 5 اگست2019 سے مودی کی بربریت اور ظلم کا ایک نیا بھیانک دور شروع ہوا .مقبوضہ وادی میں لاک ڈاون، کمیونیکیشن بلیک آوٹ اور دیگر غیرانسانی اور عالمی قانون کے صریحا خلاف قدغنیں جاری ہیں.کشمیری عوام کی جائیدادیں ہتھیائی اور ریاستی دہشت گردی سے زندگیاں چھینی جارہی ہیں۔

ایک طرف قابض بھارتی افواج ظلم کی انتہاءکررہی ہیں تو دوسری جانب کورونا وبا کے سنگین خطرات کا کشمیریوں کو سامنا ہے.یہ اطلاعات انتہائی تشویشناک ہیں کہ خطے میں سب سے تیزی سے کورونا وباءمقبوضہ جموں وکشمیر میں پھیل رہا ہے.مقبوضہ وادی میں اب تک 500 سے زائد کورونا متاثرین کی تصدیق ہوچکی ہے۔

66 ہزار سے زائد ایسے افراد کی فہرست بنائی گئی ہے جن کے بارے میںکورونا سے متاثر ہونے کا شک ہے۔ بھارتی حکومت کورونا کو کشمیریوں کی نسل کشی کا ہتھیار بناچکی ہے۔ یہ مسلمانوں اور کشمیریوں سے نفرت کی مودی کی گھناونی سوچ کا مظہر ہے۔میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بننے والے شہداءکے اہل خانہ سے تعزیت کرتاہوں۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی شہداءکے درجات بلند فرمائے اور آپ کو صبرجمیل اور اجرعظیم عطا فرمائے۔ آمین شہداءکا پاک خون گواہ ہے کہ کشمیری آزادی کا حق لے کر رہیں گے۔ انشاءاللہ ۔

ہم محترم سید علی گیلانی، محترم یاسین ملک اور محترمہ آسیہ اندرابی جیسے عظیم حریت رہنماوں کی جرات کوسلام پیش کرتے ہیں کشمیری قیادت نے اپنے بے مثال عزم سے جرات ووفا کی ناقابل فراموش تاریخ رقم کی ہے

میر واعظ محمد عمرفاروق سمیت تمام رہنماوں اور کارکنان کی جرات واستقامت پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل ، سلامتی کونسل کے صدر، سلامتی کونسل کے مستقل رکن ممالک ، انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں کورونا سے متاثرہ کشمیریوں کے زندہ رہنے کے بنیادی انسانی حق کی حفاظت کریں.نظر بند اور قید تمام رہنماوں، کارکنان اور کم سن بچوں کو رہا کیاجائے۔

کورونا وباءسے بچاو اور علاج معالجے کو لسانی، مذہبی، قومیت یا کسی بھی اور تفریق سے بالا تر رکھاجائے۔ اقوام متحدہ، سلامتی کونسل عالمی قانون اور اپنی متعلقہ قرار دادوں کے تحت مقبوضہ کشمیر کے عوام کی زندگی کے تحفظ کے لئے یکساں معیار اپنائے۔

قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ او۔آئی۔سی کے جنرل سیکرٹری یوسف بن احمد العثمین پر بھی زور دیتا ہوں کہ مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کی جان کی حفاظت کے لئے فی الفور اقدامات کریں .اسلامی امہ کے حوالے سے کشمیری عوام خاص توقعات اور امید رکھتے ہیں۔ میں او۔آئی۔سی کی جانب سے اس ضمن میں قبل ازیں دئیے جانے والے بیانات کی بھی تحسین کرتا ہوں۔

ان کہا کہنا تھا کہ امید رکھتا ہوں کہ کورونا سے درپیش صورتحال میں وہ عملی اقدامات کریں گے۔ کشمیریوں کے حقوق کے لئے انصاف پر مبنی آواز بلند کرنے پر برطانیہ، امریکہ اور یورپ کے ان تمام باضمیر معزز ارکان پارلیمان کے جذبے اور کاوش کو بھی سراہتا ہوں.ان تمام رہنماوں اور قائدین سے اپیل کرتا ہوں کہ سلامتی کونسل کی جموں وکشمیر پر قراردادوں پر عمل درآمد کرانے، مقبوضہ کشمیر میں تحقیقاتی کمشن بھجوانے ، لاک ڈاون اور کمیونیکیشن بلیک آوٹ ختم کرانے کے لئے آواز بلند کریں۔کورونا وباءسے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو بچانے، انہیں ادویات اور دیگر ضروریات اشیاءکی فراہمی کے لئے خصوصی کردار ادا کریں۔ کمیونیکیشن کی پابندیوں کی بناءپر مقبوضہ کشمیر کا بیرونی دنیا سے رابطہ منقطع ہے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ کورونا وباءمیں ان تک اطلاعات کی فراہمی نہ ہونے سے وہاں کے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔پاکستان اور کشمیر کا تعلق روح اور سانس کا ہے۔ قائد اعظم نے کشمیر کو پاکستان کی شہہ رگ قرار دے کر یہ تعلق واضح کردیا ہے۔ کشمیر اور پاکستان کا جینا مرنا ساتھ ہے۔ ہم قائداعظم کے اس فرمان کی تعبیر کے لئے کوئی کسر اٹھانہیں رکھیں گے۔ کشمیریوں کی آزادی کے حق کی جدوجہد میں پاکستان کا بچہ بچہ ساتھ تھا، ہے اور رہے گا۔

Leave a reply