اوکاڑہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار ملک ظفر) حکومت پنجاب کی ہدایات پر ڈپٹی کمشنر و کنٹرولر سول ڈیفنس احمد عثمان جاوید کی زیر نگرانی سول ڈیفنس اور ریسکیو 1122 کے اشتراک سے بابا فرید شوگر مل، فیصل آباد روڈ اوکاڑہ میں شہری دفاع کی تربیتی مشقوں کا انعقاد کیا گیا۔ مل انتظامیہ اور ورکرز کو جنگی حالات میں بچاؤ، رسپانس اور ابتدائی امداد سے متعلق عملی تربیت فراہم کی گئی۔
سول ڈیفنس انسٹرکشنل اسٹاف نے شرکاء کو دشمن کے ہوائی حملے کی صورت میں سائرن کی شناخت و استعمال، پناہ گاہوں کی اہمیت، نقل و حرکت پر قابو پانے، تنصیبات کی مکر و تلبیس، سول ڈیفنس وارڈن سروس، خندقوں کی اقسام، بم ڈسپوزل، اور ہنگامی رابطہ کاری کے حوالے سے جامع آگاہی دی۔ اس موقع پر ریسکیو 1122 کی جانب سے فرسٹ ایڈ اور فائر فائٹنگ کی عملی تربیت بھی فراہم کی گئی۔
تربیت میں شرکاء نے ان مہارتوں کی عملی مشقوں میں بھرپور حصہ لیا۔ سول ڈیفنس آفیسر وقار اکبر نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کے عسکری اور سول ادارے ہر قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی دفاع ہماری اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے ہر ممکن اقدام یقینی بنایا جا رہا ہے۔