اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) اوکاڑہ میں جی ٹی روڈ پر افسوسناک اور دل دہلا دینے والا حادثہ پیش آیا جہاں ایک باپ اپنے تین معصوم بچوں کو اسکول چھوڑنے جا رہا تھا کہ تیز رفتار ٹرالر کی ٹکر نے سب کچھ ختم کر دیا۔ حادثے میں باپ سمیت دو بیٹے اور ایک بیٹی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، واقعے نے علاقے کو سوگ میں مبتلا کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق چک نمبر 24 ٹو آر کا رہائشی 43 سالہ محمد ندیم اپنے تین بچوں 10 سالہ آریان، 8 سالہ ایان اور 6 سالہ عائزہ فاطمہ کو موٹر سائیکل پر اسکول چھوڑنے جا رہا تھا۔ جب وہ جی ٹی روڈ پر پنجاب کالج اوکاڑہ کے قریب پہنچا تو تیز رفتار اور بے قابو ٹرالر (نمبری EA-7170) نے ان کی موٹر سائیکل کو زور دار ٹکر مار دی۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ موٹر سائیکل سوار زمین پر گر گئے اور ٹرالر ان پر چڑھ دوڑا، جس کے نتیجے میں چاروں افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 اور پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ ریسکیو ٹیموں نے لاشوں کو ضلعی ہسپتال منتقل کیا جبکہ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرتے ہوئے ٹرالر کو اپنی تحویل میں لے لیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق، ٹرالر ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا جس کی تلاش جاری ہے۔
جاں بحق ہونے والے افراد کی اطلاع ملتے ہی پورے گاؤں میں کہرام مچ گیا۔ مقتول بچوں کے اسکول میں بھی سوگ کی فضا چھا گئی۔ اہل علاقہ اور عزیز و اقارب کی آنکھیں اشکبار ہیں اور ہر طرف غم و اندوہ کا سماں ہے۔ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے حادثات کی روک تھام کے لیے سخت قوانین نافذ کیے جائیں اور غفلت کے مرتکب ڈرائیور کو جلد گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔