اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) اوکاڑہ میں غیر قانونی پٹرول پمپس کے خلاف محکمہ سول ڈیفنس نے کارروائی کرتے ہوئے 4 پٹرول پمپس سیل کر دیے اور 80 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر سول ڈیفنس پنجاب ضمیر حسین اور ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی ہدایات پر سول ڈیفنس افسران نے غیر قانونی پٹرول پمپس کے خلاف کریک ڈاؤن کیا۔ سول ڈیفنس آفیسر وقار اکبر سمیت دیگر افسران نے ٹیموں کے ہمراہ متعدد مقامات پر پٹرول پمپس کی انسپکشنز کیں اور کاغذات مکمل مہیا نہ کرنے پر 4 غیر قانونی پٹرول پمپس کو سیل کر دیا۔ سیل کیے گئے پمپس میں اثرار پیٹرولیم سروس 6/4L اوکاڑہ پپلی روڈ، سپرا پیٹرولیم سروس 44/2L اوکاڑہ پپلی روڈ، اسلم پٹرولیم سروس پپلی روڈ غیاث چوک تحصیل دیپالپور اور عثمان خان پٹرولیم سروس لکرانوالہ پپلی روڈ تحصیل دیپالپور شامل ہیں۔
اس کے علاوہ ملزم اگرا خان ولد نور احمد قوم آرائیں مالک محمد احمد پیٹرولیم سروس جندراکہ روڈ اور عبدالرحمن ولد حاجی عیش محمد قوم راجپوت مالک حاجی عیش محمد پیٹرولیم سروس جندراکہ تحصیل اوکاڑہ کو نامکمل کاغذات پر چالیس، چالیس ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔
اس موقع پر سول ڈیفنس آفیسر وقار اکبر نے کہا کہ غیر قانونی پٹرول پمپس کو ہرگز کام کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور خلاف قانون چلائے جانے والے پٹرول پمپس کو بھاری جرمانے کیے جائیں گے اور انہیں فوری طور پر سیل کر دیا جائے گا۔