اوکاڑہ یونیورسٹی کے شعبہ باٹنی کی جانب سے دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا

اوکاڑہ ،باغی ٹی وی( نامہ نگار ملک ظفر) اوکاڑہ یونیورسٹی کے شعبہ باٹنی کی جانب سے دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا،کانفرنس میں پچیس سے زائد جامعات کے اسکالرز کی شرکت کی ۔

تفصیلات کے مطابق اوکاڑہ یونیورسٹی کے شعبہ باٹنی کی جانب سے پلانٹ سائنسز اور قدرتی مصنوعات کے موضوع پہ دوسری سالانہ بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ اس دو روزہ کانفرنس میں پچیس ملکی و غیر ملکی جامعات کے محققین اور اسکالرز نے شرکت کی۔

کانفرنس میں دنیا کی صف اول کی جامعات سے منسلک سائنسدانوں نے پلانٹ سائنسز میں تحقیق کے جدید رجحانات اور نئے نظریات پہ خصوصی لیکچرز دیے۔ اس کے ساتھ ساتھ چالیس محققین نے اپنے مقالہ جات پیش کیے۔

کانفرنس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اختر نے کی جب شعبہ باٹنی کے سربراہ ڈاکٹر فہیم ارشد اس کے کنوینر تھے۔ ڈاکٹر نائلہ مختار نے بطور سیکریٹری جب کہ ڈاکٹر ندا نے فوکل پرسن کے فرائض سر انجام دیے۔ ڈاکٹر بینش خالق اور سمن امین نے کانفرنس کی میزبانی کی۔ کانفرنس میں پیش کردہ مقالہ جات کی ٹیکنکل ریویو کمیٹی میں ڈاکٹر سیدہ انجم طاہرہ، ڈاکٹر محمد اقبال اور ڈاکٹر شفیق الرحمن شامل تھے۔

کانفرنس میں شرکت کرنے والے بین الاقوامی سائنسدانوں میں مکہ سے پروفیسر ڈاکٹر محمد فازے، ترکی سے پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود، پولینڈ سے پروفیسر ڈاکٹر میریوز اور ڈاکٹر کٹرزائنا، امریکہ سے ڈاکٹر محمد عدنان اور جاپان سے ڈاکٹر محمد وسیم شامل تھے۔ ڈاکٹر وسیم کے علاوہ باقی سب غیر ملکی محققین نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔

پاکستان کی مختلف جامعات سے کانفرنس میں شریک سائنسدانوں میں پنجاب یونیورسٹی سے پروفیسر ڈاکٹر ارشد جاوید اور پروفیسر ڈاکٹر تہمینہ انجم، یونیورسٹی آف ویرٹرنی اینڈ اینیمل سائنسز سے پروفیسر ڈاکٹر اویس عمر، غازی یونیورسٹی سے پروفیسر ڈاکٹر ندیم اختر، بہاولدین زکریا یونیورسٹی سے پروفیسر ڈاکٹر عامر نواز اور پروفیسر ڈاکٹر احمد اکرم، سرگودھا یونیورسٹی سے پروفیسر ڈاکٹر عامر علی، ایجوکیشن یونیورسٹی سے پروفیسر ڈاکٹر ابرارحسین اور گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد سے پروفیسر ڈاکٹر رضوان رشید شامل تھے۔

کانفرنس کے معاونین میں پیسٹک، پاکستان سائنس فاونڈیشن، عرفان فارما اور ریز ٹیکنالوجیز شامل تھے۔

کانفرنس میں پلانٹ سائنسز کے مختلف پہلووں جیسا کہ پلانٹ فیزیولوجی، ٹیکسانومی، ایتھنوباٹنی اور قدرتی مصنوعات کی ادویاتی خصوصیات پہ سیر حاصل بحث کی گئی۔

شرکاء کے درمیان رسمی اور غیر رسمی مکالمات کے کئی سیشن ہوئے جس سے ملکی و غیر ملکی محققین کو ایک دوسرے کی تحقیق سے مسفید ہونے کا موقع ملا۔

اس کانفرنس میں شعبہ باٹنی کے طلباء کی جانب سے تحقیق کے نتیجے میں تیار کی جانے والی قدرتی مصنوعات کی نمائش بھی لگائی گئی۔ پچاس اسٹالز پر مبنی اس نمائش میں کاسمیٹکس، ہینڈی کرافٹس اور دیگر ہربل مصنوعات شامل تھیں۔

Comments are closed.