اوکاڑہ (باغی ٹی وی نامہ نگار ملک ظفر) حلقہ پی پی 190 میں ملگدا چوک سے بونگہ حیات روڈ خشک بیاس تک سڑک کی خستہ حالی نے عوام کی زندگی کو خطرات سے دوچار کر دیا ہے۔ آئے روز حادثات اور ڈکیتیوں کے باعث یہ سڑک علاقہ مکینوں کے لیے عذاب بن چکی ہے، جبکہ متعلقہ حکام اور منتخب نمائندے مسلسل بے حسی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بونگہ حیات روڈ براستہ ملگدا چوک ساہیوال، جو دھلی روڈ کے نام سے بھی جانی جاتی ہے، تقریباً 100 کلومیٹر طویل ہے اور تین اضلاع ساہیوال، پاکپتن اور اوکاڑہ سے گزرتی ہے۔ اگرچہ ساہیوال اور پاکپتن اضلاع میں سڑک کی تعمیر و مرمت کی گئی ہے، لیکن اوکاڑہ کی حدود میں سڑک مکمل طور پر تباہ حال ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ جگہ جگہ گڑھوں اور ٹوٹ پھوٹ کی وجہ سے نہ صرف گاڑیاں تباہ ہو رہی ہیں بلکہ قیمتی جانوں کا ضیاع بھی روز کا معمول بن چکا ہے۔ عوامی سطح پر کئی بار شکایات درج کرائی گئیں، مگر ضلعی حکومت اور منتخب نمائندے ٹس سے مس نہیں ہوئے۔
علاقہ مکینوں نے ایک بار پھر حلقہ پی پی 190 کے منتخب نمائندوں سے اپیل کی ہے کہ خدارا عوامی مسائل کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے فوری طور پر سڑک کی مرمت و تعمیر کا آغاز کیا جائے، تاکہ شہری محفوظ، باعزت اور پرسکون سفر کر سکیں۔