اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) تھانہ گوگیرہ کی حدود میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان ہونے والے مقابلے میں ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کا نشانہ بن کر ہلاک ہوگیا جبکہ دو ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس نے نعش کو تحویل میں لے کر ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق تھانہ گوگیرہ کی پولیس معمول کے گشت پر تھی کہ جھٹیانہ پل کے قریب تین مسلح ڈاکوؤں نے پولیس کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس نے بھی حفاظت خود اختیاری کے تحت جوابی فائرنگ کی۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر موقع پر ہلاک ہوگیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے ڈاکو کی شناخت عدنان عرف دانی کے نام سے ہوئی ہے، جو 19 سنگین جرائم میں مطلوب تھا اور دو مقدمات میں عدالت سے سزا یافتہ بھی قرار پایا تھا۔ واقعے کے بعد پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے تاکہ فرار ہونے والے ملزمان کو گرفتار کیا جا سکے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جلد ہی دونوں ڈاکوؤں کو قانون کی گرفت میں لے لیا جائے گا۔
ڈی پی او محمد راشد نے تھانہ گوگیرہ کی پولیس ٹیم کو بروقت کارروائی اور جرأت مندانہ اقدام پر شاباش دی ہے، اور ہدایت کی ہے کہ فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں۔