سیالکوٹ: جموں روڈ پر تجاوزات کے خلاف آپریشن، دکان داروں کو وارننگ جاری

سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیورو چیف شاہد ریاض) ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر انعم بابر کی زیر نگرانی میونسپل کارپوریشن سیالکوٹ کا تجاوزات کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ جموں روڈ پر تجاوزات کی زد میں آنے والے ماربل پتھرز، تھڑوں، اور چھپروں کو مسمار کر دیا گیا۔

اسسٹنٹ کمشنر انعم بابر نے بتایا کہ عارضی اور مستقل تجاوزات کے خاتمے کے لیے جامع مہم کا آغاز کیا جا چکا ہے۔ چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن سیالکوٹ اعجاز حسین ملک کی نگرانی میں مستنصر حسین، انچارج تجاوزات، اور عمر شہزاد، انفورسمنٹ انسپکٹر، کے ہمراہ عملے نے آپریشن کے دوران تجاوزات کنندگان کو سختی سے ہدایت دی کہ وہ اپنا سامان دکانوں کے اندر رکھیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ تجاوزات کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔ دکان داروں اور تجاوزات کنندگان کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ از خود اپنی تجاوزات ہٹا لیں، بصورت دیگر ان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے تجاوزات مسمار کی جائیں گی اور مقدمات و جرمانے عائد کیے جائیں گے۔

شہریوں نے اس آپریشن کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ یہ مہم سیالکوٹ میں ٹریفک اور عوامی گزرگاہوں کے مسائل کو حل کرنے میں مؤثر ثابت ہوگی۔

Comments are closed.