سیکیورٹی فورسز نے فتنہ الخوارج کیخلاف جنوبی وزیرستان میں آپریشن کرتے ہوئے 11بھارتی اسپانسرڈ خوارج کو جہنم واصل کر دیا

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان کے علاقے سرا روغہ میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ایک کامیاب آپریشن کیا،علاقے میں بھارت کے حمایت یافتہ دہشت گرد گروہ فتنہ الخوارج کے کارندے موجود تھے، آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 11 بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج جہنم واصل جبکہ 7 دہشت گرد زخمی ہو گئے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے دو بہادر سپوت مادر وطن پر قربان ہو گئے، شہداء میں میجر سید معیز عباس شاہ (عمر 37 سال، ضلع چکوال کے رہائشی) اور لانس نائیک جبران اللہ (عمر 27 سال، ضلع بنوں کے رہائشی) شامل ہیں،میجر معیز شاہ شہید ایک دلیر اور نڈر افسر تھے، جنہوں نے ماضی میں بھی دہشت گردوں کے خلاف کئی کامیاب کارروائیوں کی قیادت کی۔ آپریشن کے بعد علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی چھپے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد کو تلاش کر کے ختم کیا جا سکے، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک کو بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی سے پاک کرنے کے عزم پر قائم ہیں اور ہمارے جوانوں کی ایسی لازوال قربانیاں ہمارے حوصلے اور عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں.

وزیرِاعظم کا جنوبی وزیرستان آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین، شہداء کو زبردست خراج عقیدت
اسلام آباد: وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے جنوبی وزیرستان میں ہندوستان کے زیرِ سرپرستی سرگرم فتنے، الخوارج کے دہشتگردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن پر مسلح افواج کے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے پر بھرپور کارروائی کرتے ہوئے 11 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا، جو کہ قابلِ فخر کارنامہ ہے اور اس سے ثابت ہوتا ہے کہ ہماری افواج دہشتگردی کے خاتمے کے لیے ہر لمحہ تیار اور چوکس ہیں۔وزیرِ اعظم نے اس آپریشن کے دوران ارضِ وطن کے دفاع میں جامِ شہادت نوش کرنے والے میجر سید معیز عباس شاہ اور لانس نائیک جبران اللہ کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ ان شہداء کی قربانیاں قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں اور ان کی جُرات و بہادری کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔شہداء کے درجات کی بلندی اور اُن کے لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا "مجھ سمیت پوری قوم کو اپنے شہداء اور ان کے اہلِ خانہ پر فخر ہے۔”وزیرِ اعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ "وطن عزیز کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔ ہم دہشتگردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کرکے دم لیں گے۔””ارضِ وطن کی حفاظت کے غیر متزلزل عزم میں، میں اور پوری قوم اپنی بہادر افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔”وزیرِ اعظم نے قومی یکجہتی اور عوامی اعتماد کو سیکیورٹی اداروں کی کامیابی کی بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم متحد اور ثابت قدم ہے۔

Shares: