لاہورمیں پنجاب سکواش ایسوسی ایشن کے نومنتخب صدر چودھری عمر سعید نے کہا ہے کہ پنجاب ایسوسی ایشن سکواش کی پرموشن کیلئے کام جاری رکھے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم انتہائی قابل افراد پر مشتمل ہے۔ ماضی میں بھی سکواش کی پرموشن کیلئے پنجاب سکواش ایسوسی ایشن نے اہم رول ادا کیا ہے اور مستقبل میں بھی سکواش میں پنجاب بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔ وہ منتخب ہونے کے بعد اپنی ایگزیکٹو کمیٹی سے خطاب کر رہے تھے۔ عمر سعید نے سابق صدر ڈاکٹر ندیم مختار، سیکرٹری شیراز سلیم اور ان کی ٹیم کی خدمات کو سراہا جنہوں نے گزشتہ دور پنجاب سکواش میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ عمر سعید کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز الیکشن پنجاب سکواش کے آئین کے مطابق ہوئے اور ہمارے آئین میں کوئی یونیورسٹی ہماری ممبر نہیں ہے۔
تمام ممبر یونٹس، پاکستان سکواش، پنجاب سپورٹس بورڈ نے الیکشن میں شرکت کی۔ طارق صدیق ہمارے سیکرٹری ہیں اور وہ ایک بہترین منتظم ہیں۔ چودھری عمر سعید کے مطابق سینئر نائب صدر طارق فاروق رانا، نائب صدور میں شیراز سلیم، حیدر عزیز، عمران مختار، عمر مسعود، جمشید فخری جبکہ خزانچی رضوان ظہور ہیں جبکہ ایگزیکٹو کمیٹی ممبرز میں سی ای او ڈائمنڈ پینٹس میر شعیب احمد لاہور زون سے، فیصل آباد زون سے نعیم دستگیر،راولپنڈی زون سے ڈاکٹر ایرج ملک، بہاولپور زون سے ڈاکٹر مغیز امین، ایس این جی پی ایل سے ہی عدیلہ مرزوک جن کا تعلق بھی لاہور زون سے ہے، لیڈی ممبر تانیہ ملک شامل ہیں۔ میں امید کرتا ہوں کہ یہ بہترین ٹیم اگلے چار سال تک پنجاب میں سکواش کی بہتری کیلئے عمدہ کام کرے گی۔