پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے حکومت کوپٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کرنے کی سفارش کردی

0
27

اسلام آباد میں چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نور عالم خان کی زیر صدارت میں پی اے سی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں چیئرمین سمیت متعلقہ افراد نے شرکت کی۔

نور عالم خان نے کمیٹی ممبران سے کہا عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں دو بار کمی آ چکی ہے لہذا پی اے سی حکومت سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی سفارش کرتی ہے۔

اسپیشل سیکریٹری وزارت خزانہ کی عدم موجودگی پر چیئرمین کمیٹی برہم ہو گئے تاہم بعد میں ان کو بتایا گیا کہ وہ وزیراعظم کے ساتھ ایک میٹنگ میں ہیں اس پر چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے کہا کہ مجھے پہلے اطلاع کیوں نہیں دی گئی کہ وہ وزیراعظم کے ساتھ میٹنگ میں ہے۔

نور عالم نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب تک سیکریٹری نہیں آئیں گے تب تک یہ اجلاس نہیں ہوگا اور اس ایجنڈے کو ملتوی کردیئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جو کچھ معیشت اور عوام کے ساتھ کیا گیا وہی کمیٹی کے ساتھ کیا جارہا ہے۔

نور عالم نے نے مزید بتایا کہ: ایک محکمے نے کہا ہے کہ کل عید ہے لہذا اب وہ نہیں آ سکتے لیکن عید تو دس جولائی کو ہے۔


چیئرمین کمیٹی نے گورنر اسٹیٹ بینک کی عدم موجودگی پر بھی برہمی کا اظہار کیا تو ان کو ڈپٹی گورنر نے بتایا کہ گورنر سٹیٹ بینک مانیٹری پالیسی اجلاس کی وجہ سے کراچی میں ہیں۔

اس پر نور عالم خان نے ان سے مخاطب ہوکر کہا کہ ایسی روایت قائم نہ کریں کہ کسی ادارے کے سربراہ کے بجائے کوئی اور آ جائے۔

ان کا مزید کہنا تھا: ہم سربراہ کے علاوہ کسی کو اجازت نہیں دیں گے لہذا یہاں سربراہ کا آنا لازمی ہے اور جس ادارے کا سربراہ نہ آئے اجلاس کے اخراجات اس کی تنخواہ سے کاٹے جانے چاہیں۔

چئیرمین نے کہا: اجلاس کے اخراجات اسپیشل سیکریٹری فنانس اور گورنر اسٹیٹ بنک کی تنخواہ سے کاٹے جائیں۔

کمیٹی نے ایجنڈا پر کارروائی کیئے بغیر ہی اجلاس ملتوی کر دیا۔

Leave a reply