سانحہ اے پی ایس،پاک افواج کو خراج تحسین جنہوں نے جانیں دے کر ملک میں امن بحال کیا،آصف علی زرداری

0
59

سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور: شہداء کی ساتویں برسی آج 16 دسمبر جمعرات کو منائی جا رہی ہے-

باغی ٹی وی : سات برس بیت گئے مگر زخم آج بھی تازہ ہیں، سانحہ اے پی ایس ایک ایسا اندوہناک واقعہ جو کبھی بھلایا نہ جا سکے گا سانحہ کی یاد میں جہانیاں سمیت ملک بھر میں سیاسی و سماجی تنظیموں ،سول سوسائٹی اوراین جی اوز کے زیر اہتمام شہداء کیلئے قرآن خوانی ، فاتحہ خوانی اور دعائیہ تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا-

پشاور میں بھی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا،جس کے باعث سکیورٹی کے بھی انتظامات کرلئے گئے ہیں شہدا کی درجہ بلندی کے لئے فاتحہ خوانی اور قرآن خوانی بھی کی جائے گی شہدا کے قبروں پر پھولوں کی چادریں چڑھائی جائیں گیں۔

16 دسمبر 2014 ء کی صبح 6 بزدل دہشت گرد آرمی پبلک اسکول پشاور میں داخل ہوئے، عقبی دیوار پھلانگ کر داخل ہونے والے دہشت گردوں نے اسکول کے آڈیٹوریم ہال میں جاری فرسٹ ایڈ ورکشاپ میں شامل بچوں پر گولیوں کی اندھا دھند بوچھاڑ کردی گولہ بارود اور خودکش جیکٹوں سے لیس درندہ صفت حملہ آوروں اس بزدلانہ کارروائی میں 132 طالبِ علموں سمیت 141 افراد کو شہید کردیا تھا-

اس دن ہر آنکھ اشکبار تھی، ملک سوگ میں ڈوب چکا تھا ہر طرف قیامت جیسا سناٹا تھا، اپنے بچوں کے بہتر مستقبل کا خواب دیکھنے والے والدین اپنے بچوں کے ساتھ ان سارے خوابوں کو بھی دفن کرتے رہے، روتے بلکتے بس ایک ہی سوال پوچھتے رہے کہ آخر ان کے بچوں کا قصور کیا تھا ، خودان کا قصور کیا تھا۔

16 دسمبر 2014 کو اے پی ایس کے واقعہ نے پوری قوم کو یکجا کر دیا ،دفاعی و سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ اس واقعہ کا زخم بہت گہرا تھا لیکن پاکستانی قوم اور اداروں کا عزم اس سے کہیں بلند۔

پوری قوم نے پاکستان کے سیکورٹی اداروں کے ساتھ مل کر ایک ایسے آپریشن کا آغاز کیا کہ جس کا ہدف ایک ایسا پاکستان تھا جہاں ریاست ہی کو طاقت کے استعمال کا حق حاصل ہو معصوم بچوں پرحملہ کرنے والے دہشت گردوں کو افواج پاکستان نے اسی وقت آپریشن میں جہنم واصل کردیا جبکہ سہولت کار بعد میں پھانسی پر چڑھ گئے لیکن 16 دسمبر کا وہ دن ملک کی تاریخ کا بھیانک خواب بن کررہ گیا۔

اس واقعے کو گزرے 7سال بیت چکے ہیں،سانحے میں شہید ہونے والے طلبہ کے والدین تاحال انصاف کے منتظر ہیں،سپریم کورٹ آف پاکستان میں کیس کی سماعت بھی جاری ہے،جس میں وزیراعظم عمران خان نے عدالت عظمیٰ کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا تھا کہ اگر ججز حکم دیں تومتعلقہ حکام کے خلاف ایکشن لیں گے۔

ادھر پاکستان پیپلز پارٹی کےشریک چیئرمین آصف علی زرداری نے سانحہ اے پی ایس کے شہدا کی یوم شہادت پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ جب تک منصوبہ سازوں اور سہولت کاروں کو کٹہرے میں لاکر سزا نہیں دی جاتی ریاست شہیدوں کی مقروض رہے گی۔نیشنل ایکشن پلان میں ملک کو دہشتگردوں سے پاک کرنے کا عہد کیا گیا تھا،افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے جانیں دے کر ملک میں امن بحال کیا۔


چوہدری مونس الہی نے یوم سقوط ڈھاکہ اور یوم سانحہ اے پی ایس پر اپنے پیغام میں کہا کہ آج 16 دسمبر ہےسقوط مشرقی پاکستان اور سانحہ اے پی ایس کی تاریخ ۔آئیے آج کے روز ان سانحات کےشھیدوں کو اس عہد کےساتھ سلام پیش کریں کہ ہم ان کی عظیم قربانیوں کو کبھی نہ بھولیں گےاور دشمن کو اس کے ناپاک ارادوں میں شکست دیں گے۔ پاکستان زندہ باد۔


سینیٹر اعجاز چوہدری نے کہا 16دسمبر وطن عزیز کی تاریخ میں غم واندوہ لیکر آتاہے،سانحہ مشرقی پاکستان ہو یا اے پی ایس سکول کے بچوں کا صدمہ جانکاہ بحیثیت قوم جسد قومی کو ہلا کررکھ دیتا ہےاور تقاضہ کرتا ہے کہ ہم اپنےدُشمن کو پہچانے،اُس کا تدارک کریں۔ وہ ہندتوا ہے یااُنکے معنوی پیروکار


پی ٹی آئی کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل سے ٹوئٹ میں کہا گیا کہ 16 دسمبر وہ دن جب پاکستانی قوم کو ایک مشترکہ اور ناقابلِ فراموش غم کی کٹھن گھڑی سےگزرنا پڑا۔ اُس دن سے دہشت گردی کیخلاف ہمارا عزم مضبوط تر ہے۔ پاکستان نے دہشت گردوں کےکیمپوں اور ٹھکانوں کیخلاف کارروائی شروع کی اور پاک سر زمین کو دہشت گردی سے پاک کیا۔


عامر لیاقت نے کہا کہ آرمی پبلک اسکول کے بچوں کو عامر لیاقت حسین کا سلام تحسین , میرے وطن کی شہید ننھی کلیاں اب شہادت کے رنگین پھول بن چکے مگر اب بھی انصاف سے محروم ہیں، اللہ والدین کو صبر جمیل عطا فرمائے،آمین


وجیہہ قمر نے کہا کہ تعلیم پر حملہ ہمارے کامیابی کے راز پر حملہ ہے۔ بچوں پر حملہ ہمارے مستقبل پر حملہ ہے سانحہ اے پی ایس ہمیں دشمن کے خلاف مضبوط اور اتفاق کے ساتھ مقابلے کرنے کا درس دیتا ہے-


سینیٹر ذیشان خانزادہ نے لکھا کہ شہدائے آرمی پبلک سکول پشاور ہم تمہیں بھولے نہیں ہیں ۔ پروردگار اے پی ایس کے شہدا کے درجات بلند فرمائے اور ہمارے وطن پاکستان کی حفاظت فرمائے ،آمین


انہوں نے لکھا کہ اے پی ایس شہداء کی قربانیوں کو رہتی دُنیا تک یاد رکھا جائیگا، جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر مُلکی یکجہتی اور سالمیت کو برقرار رکھنے میں اپنا اہم کردار ادا کیا-

سقوط ڈھاکہ کے 50 سال:آج ملک بھر میں یوم سقوط ڈھاکہ منایا جائے گا

Leave a reply