fbpx

پاک فوج کے شہدا اورشہداء لسبیلہ کو پوری قوم آج سلام پیش کرتی ہے،عبدالخبیر آزاد

سفیرامن مولانا سید محمدعبدالخبیر آزاد خطیب وامام بادشاہی مسجد لاہور چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان نے بادشاہی مسجد لاہور میں یوم آزادی اوراستحکام پاکستان کے حوالے سے جمعتہ المبارک کے عظیم اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادی اللہ تعالیٰ کی نعمت عظمیٰ ہے،آج ہم سب کو چاہیے کہ ہم شکر ادا کریں کہ اللہ تعالیٰ نے مملکت خداداد پاکستان جیسی نعمت عطاء کی،وطن عزیز پاکستان کے حصول کے لیے لاکھوں انسانوں نے اپنی جان ومال کی قربانیاں پیش کیں اوروطن عزیز پاکستان معرض وجود میں آیا،وطن عزیزپاکستان کلمہ طیبہ ”لا الہ الا اللہ محمد الرسول اللہ“کی بنیاد پر حاصل کیا گیا،

آج یقینا ملک دشمن طاقتوں کی نظر پاکستان پر ہے ہماری افواج ہمارا فخر ہیں،افواج پاکستان نے ملک دشمن قوتوں کے ایجنڈے کو نیست و نابود کیا اور بے مثال قربانیاں دے کر ملک پاکستان کے دفاع کو مضبوط کیا،آج پوری قوم کی دعائیں اپنی بہادر مسلح افواج کے ساتھ ہیں کوئی بھی میدان ہو ہمیں افواج پاکستان کی خدمات روز روشن کی طرح نظر آتیں ہیں،حالیہ سیلاب میں لسبیلہ کے مقام پر ہماری پاک فوج کے افسران نے انسانیت کی خدمت کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نظرانہ پیش کیا،پوری قوم ان شہادتوں پر ان کے خاندانوں کی استقامت اورصبروتحمل کو سلام پیش کرتی ہے، ہم اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں دعاء کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ ان شہیدوں کو اپنی جواررحمت میں جگہ عطاء فرمائے اور ان کوجنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطاء فرمائے،پوری پاکستانی قوم اپنی بہادر مسلح افواج کے ساتھ ہے ہم کسی قیمت پر بھی پاک فوج کے خلاف زبان درازی کرنا برداشت نہیں کریں گے،پاک فوج ہمارا فخر ہے جنہوں نے پاکستان میں امن وتحفظ کو قائم رکھنے میں عظیم کردار ادا کیا ہے،آئیں ملکر اپنی افواج کو مضبوط سے مضبوط تر بنائیں،آخر میں ملکی سلامتی،ترقی و خوشحالی،عالم اسلام کے اتحاد،حرمین شریفین کے تحفظ،افواج پاکستان کے شہداء اور کشمیر و فلسطین کی آزادی کے لیے خصوصی دعاء کی گئی۔