کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما محترمہ فریال تالپور کی جانب سے پاک چین دوستی امن، ترقی اور مساوات کے خوابوں کی شراکت داری قرار دی گئی ہے
فریال تالپور کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کی دوستی صرف دو ہمسایہ ممالک کے درمیان تعلق نہیں، بلکہ امن، ترقی اور برابری کے مشترکہ خوابوں کی شراکت ہے،ہماری یہ دوستی وقت کی ہر آزمائش پر پوری اتری ہے، جو باہمی اعتماد اور احترام کی بنیاد پر قائم ہے،خواتین کی ترقی دراصل قومی ترقی کی ضمانت ہے،شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے خواتین کے سیاسی، سماجی اور معاشی حقوق کی جدوجہد کو نئی جہت دی، آج چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور صدر آصف علی زرداری شہید بی بی کے وژن کو آگے بڑھا رہے ہیں، پیپلز پارٹی نے خواتین کی فلاح کے لیے تاریخی اقدامات کیے،بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام، گھریلو تشدد سے تحفظ کے قوانین اور خواتین کی معاشی خودمختاری کے منصوبے مثال ہیں، سندھ پیپلز ہاؤسنگ پروگرام کے تحت متاثرہ خاندانوں کو دیے جانے والے گھروں کی ملکیت خواتین کے نام پر رکھی گئی ہے تاکہ انہیں معاشی اور سماجی تحفظ ملے،سندھ حکومت خواتین کے لیے "پنک بس سروس” اور "پنک الیکٹرک اسکوٹیز اسکیم” کے ذریعے انہیں محفوظ اور باوقار سفری سہولت فراہم کر رہی ہے، آج سندھ کی خواتین مختلف شعبوں میں قائدانہ کردار ادا کر رہی ہیں جو پیپلز پارٹی کے وژن کی عکاسی ہے،
سندھ کے سینئر صوبائی وزیر شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ خواتین کو اپنی پالیسیوں کا مرکز رکھا، ذوالفقار علی بھٹو نے 1973 کا آئین دے کر مرد و عورت کو برابر کے حقوق دیے،شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے خواتین بینک، لیڈی ہیلتھ ورکر پروگرام اور خواتین پولیس اسٹیشن قائم کیے، صدر آصف علی زرداری نے بی آئی ایس پی کے ذریعے لاکھوں خواتین کو معاشی تحفظ دیا، سندھ حکومت نے 21 لاکھ گھروں کے منصوبے کا آغاز کیا ہے جن کی ملکیت خواتین کے نام پر کی جا رہی ہے،پیپلز پارٹی وہ واحد جماعت ہے جس نے خواتین کے لیے پنک بس سروس اور مفت الیکٹرک اسکوٹیز متعارف کرائیں، جو خطے میں ایک منفرد مثال ہے،
چینی قونصل جنرل یانگ یون ڈونگ کا کہنا تھا کہ خواتین انسانی تہذیب کی تشکیل میں بنیادی کردار رکھتی ہیں، چین صنفی مساوات کو قومی پالیسی کا حصہ سمجھتا ہے، چین آئندہ پانچ برسوں میں اقوامِ متحدہ کی تنظیم برائے خواتین کے لیے مالی معاونت بڑھائے گا اور ہزاروں خواتین کو پیشہ ورانہ تربیت کے لیے چین مدعو کرے گا، شہید محترمہ بینظیر بھٹو مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیر اعظم تھیں جنہوں نے خواتین کی قیادت کا راستہ کھولا،چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت خواتین کو تربیت، اسکالرشپس اور روزگار کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں، چینی قونصلیٹ کراچی سندھ اور بلوچستان کی خواتین کے ساتھ تعاون مزید بڑھائے گا،
کراچی میں چین کے قونصلیٹ کی جانب سے خواتین کو بااختیار بنانے کے موضوع پر خصوصی تقریب ہوئی، تقریب میں صوبائی وزیر برائے تعلیم و خواندگی سردار شاہ اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی،تقریب سے قبل فریال تالپور، شرجیل انعام میمن اور سردار شاہ کی چینی قونصل جنرل یانگ یون ڈونگ سے ملاقات کی،ملاقات میں پاک چین تعلقات، خواتین کے تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا.








