دبئی: انٹرنیشنل بلیئرڈ اسنوکر فیڈریشن (آئی بی ایس ایف) کے ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ مقابلوں میں پاکستان کے محمد آصف یو اے ای کے پلیئر کو شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچ گئے-
باغی ٹی وی: آئی بی ایس ایف ورلڈ اسنوکر کے کوارٹر فائنل میں محمد آصف نے یو اے ای کے محمد شہاب کو شکست دی، پاکستانی کیوئسٹ نے اماراتی پلیئر کے خلاف مقابلہ 1-4 کے اسکور سے جیتا۔
پہلے فریم میں شکست کے بعد محمد آصف نے کم بیک کرکے مسلسل 4 فریم جیتا اور محمد آصف کی کامیابی کا اسکور 111-7، 5-54، 0-109، 1-112، اور 48-60 رہا،محمد آصف نے میچ کے دوران 2 سنچری بریک بھی کھیلے، محمد آصف ٹورنامنٹ میں اب تک4 سنچری بریک کھیل چکے ہیں، ایونٹ کے سیمی فائنل آج رات کھیلے جائیں گے۔
قبل ازیں ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ مقابلوں میں پاکستان کے اسجد اقبال براہ راست راؤنڈ آف 16 میں پہنچے جبکہ آصف اور اویس نے راؤنڈ آف 24 کھیلا،محمد آصف جرمنی کے سائمن لچنبرگ سے ہار کر بھی اگلے راؤنڈ تک آئے اور محمد آصف فریم ڈفرینس کی بنیاد پر اپنے گروپ میں دوسرے نمبر پر رہے۔
آخری میچ میں سائمن لچنبرگ نے آصف کو 3-4 سے شکست دی تھی، اسجد اقبال نے آخری گروپ میچ میں قطر کے خامس العبیدی کو 0-4 سے شکست دی اسجد اقبال نے اپنے تینوں میچ جیت کر گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ اویس منیر نے بحرین کے حبیب صباح کو 1-4 سے شکست دے کر ناک آؤٹ راونڈ میں جگہ بنائی پاکستان کے چوتھے کھلاڑی نسیم اختر دو میچز ہارنے کے بعد ناک آؤٹ راؤنڈ تک رسائی حاصل کرنے میں ناکام رہے تھے-