ٹی20 ورلڈ کپ: پاکستان اور نیوزی لینڈ سیمی فائنل میں آج مدمقابل

0
33

ٹی20 ورلڈ کپ 2022 میں پاکستان اور نیوزی لینڈ پہلے سیمی فائنل میں آج مدمقابل ہوں گے-

باغی ٹی وی: سڈنی کے میدان میں دونوں ٹیموں کے درمیان آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کا میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے شروع ہوگا۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں سڈنی کرکٹ گراؤنڈ پہنچ چکی ہیں اور آٹھویں ٹی20 ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل کے لیے تیاریوں کو حتمی شکل دے چکی ہیں۔


سپر12 کے گروپ ون سے نیوزی لینڈ اور انگلینڈ جبکہ گروپ ٹو سے روایتی حریف ٹیمیں پاکستان اور بھارت نے سیمی فائنل میں جگہ بنائی، پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا سیمی فائنل آج سڈنی میں کھیلا جائے گا جبکہ بھارت اور انگلینڈ کے درمیان 10 نومبر کو ایڈیلیڈ میں کھیلا جائے گا۔

ٹی20 ورلڈ کپ 2022 کے پہلے سیمی فائنل میں اپنی ٹیموں کی قیادت کرنے والے کین ولیمسن اور بابراعظم دونوں اپنی اپنی کامیابی کے لیے پرامید ہیں –

پاکستان کو ٹی20 مقابلوں نیوزی لینڈ سے واضح برتری حاصل ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 28 ٹی20 میچ کھیلے جاچکے ہیں، پاکستان نے 17 اور نیوزی لینڈ نے 11 فتوحات حاصل کیں اب تک کھیلے گئے ٹی20 ورلڈ کپ مقابلوں میں دونوں ٹیمیں 6 مرتبہ مدمقابل آئیں اور پاکستان کو 4 جبکہ نیوزی لینڈ کو 2 میچوں میں کامیابی نصیب ہوئی۔

آئی سی سی نے پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے شروع ہونے والے سیمی فائنل کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان کردیا ہے، جس میں ماریسس ایراسمس اور رچرڈ ایلنگ ورتھ فیلڈ امپائرز، رچرڈ کیٹل برگ تھرڈ امپائر ہوں گے۔

بھارت اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان جمعرات کو دوسرا سیمی فائنل ہوگا جس میں سری لنکن کما دھرناسینا اور آسٹریلین پال رائفل فیلڈ امپائر اور کرس کیفنی تھرڈ امپائر ہوں گے۔

خیال رہے کہ سیمی فائنل مقابلوں میں بارش کی صورت میں مقابلہ دوبارہ ہوگا، جس کے لیے اضافی دن مختص ہے جبکہ ایونٹ کا فائنل 13 نومبر کو میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں ہوگا۔

Leave a reply