پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہے،نگران وزیراعظم
اسلام آباد: نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نےکہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی پاکستان جیسے ممالک کیلئے قومی سلامتی کا مسئلہ ہے-
باغی ٹی وی : اسلام آباد میں نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت 28 ویں اقوام متحدہ کانفرنس آف پارٹیز کے حوالے سے بین الوزارتی جائزہ اجلاس ہوا،اجلاس میں نگران وفاقی وزرا برائے خزانہ، خارجہ، توانائی، موسمیاتی تبدیلی، منصوبہ بندی اور متعلقہ سرکاری افسران نے شرکت کی ، جس میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کا عالمی سطح پر موسمیاتی تبدیلی بڑھانے میں حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہونے کے باوجود پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہے-
ڈی سیل ہونے والی 84 فیکٹریوں کو دوبارہ سیل کرنے کا حکم
وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ برس موسمیاتی تبدیلی کے نتیجے میں پاکستان کی ایک تہائی آبادی سیلاب سے متاثر ہوئی، پاکستان اپنی ماحولیاتی سفارتکاری سے عالمی ماحولیاتی بحث میں مثبت کردار ادا کر رہا ہے،وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کوپ 28 میں کلائمیٹ فنانس اور دیگر متعلقہ معاملات پر پاکستان کا موقف اچھے انداز سے پیش کرنے کے لئے ادارے بھر پور تیاری کریں ،نگران وزیراعظم دبئی، متحدہ عرب امارات میں ہونے والی 28ویں کانفرنس آف پارٹیز کے یکم اور 2 دسمبر کو اعلیٰ سطح کے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے-