پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات کا آج آخری دن، آج معاہدہ ہونے کا امکان

اسلام آباد: پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان مذاکرات ، ایم ای ایف پی کا مسودہ آج فائنل کرلیا جائےگا-
باغی ٹی وی: پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات کا آج آخری دن ہے، آئی ایم ایف اور پاکستان کے مابین مذاکرات حتمی مرحلے میں داخل ہوگئے ہیں ا ور حکومت اتفاق رائے کے لیے پرامید ہے، بہت سے معاملات پر فریقین میں اتفاق رائے ہوگیا ہےمذاکرات میں مالیاتی پالیسیوں پر تفصیلی بات چیت جاری ہے اور آج معاہدہ ہونے کا امکان ہے بصورت دیگر مذاکرات میں ایک دو روز کی توسیع بھی ہو سکتی ہے۔
آئی ایم ایف مشن کی جانب سے بیرونی فنانسنگ اور ملکی بجٹ کے اقدامات کے ساتھ توانائی کی لاگت میں خاطر خواہ ایڈجسٹمنٹس پر ایک واضح روڈ میپ، اقتصادی اور مالیاتی پالیسیوں (ایم ای ایف پی) کے مسودے کو 9 فروری کو ہونے والے مذاکرات کے طے شدہ اختتام سے کم از کم ایک روز قبل حکام کے ساتھ شیئر کرنا چاہیے تھا۔
ایک سینیئر سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ بدھ کی رات تک ہمیں (ایم ای ایف پی) کا مسودہ موصول نہیں ہوا اور مالی اقدامات و بیرونی فنڈنگ کے ذرائع دونوں کے لحاظ سے حتمی لائحہ عمل پر آئی ایم ایف کے تحفظات ابھی بھی موجود ہیں۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ روز وزیرخزانہ اسحاق ڈار سے آئی ایم ایف مشن چیف ناتھن پورٹر نے ملاقات کی، آئی ایم ایف مشن چیف نے وزیرخزانہ کو مذاکرات میں اب تک کی پیشرفت سے آگاہ کیا۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ آئی ایم ایف مشن مذاکرات میں ہونے والی بات چیت کو میمورنڈم آف اکنامکس اینڈ فنانشل پالیسی (ایم ای ایف پی) میں اکٹھاکر رہا ہے، ایم ای ایف پی کا مسودہ آج فائنل کرلیا جائےگا، اور پاکستان کے ساتھ شیئر کیا جائےگا۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم مشن چیف نے بتایا کہ آج کے مذاکرات میں مالیاتی پالیسیوں پر تفصیلی بات چیت جاری ہے، مذاکرات میں اصلاحات اور ان کے نتیجے میں کیےگئے اقدامات پر اتفاق رائے پایا گیا ہے۔
موجودہ مالی سال کے لیے فرق کے حوالے سے آئی ایم ایف کا تخمینہ 6 ارب ڈالر ہے۔
وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غو ث پاشا نے کہاہے کہ آئی ایم ایف سے مذاکرات میں حکومت کی پوری کوشش ہے کہ عام آدمی متاثر نہ ہو اور بجلی ٹیرف یا ٹیکس کا زیادہ بوجھ صاحب ثروت لوگوں پر ڈالا جائے گا جب کہ نئے اقدامات کا عام آدمی پر کم از کم بوجھ ڈالا جائے گا۔
وزیر مملکت خزانہ عائشہ غوث پاشا نے کہا کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کےمابین مذاکرات اب اختتام کی جانب بڑھ رہے ہیں، جلد معاہدہ ہوجائے گا، فریقین کے مابین مذاکرات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، وزیراعظم سے فیصلوں کی منظوری لے لی گئی ہے۔