پاک فوج کی 78ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد:اہم فیصلے :حکومتی پالیسیوں پربھرپوراعتماد

0
33

راولپنڈی :پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاک فوج کی دو روزہ 78ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد ہوا جس کی صدارت آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز، پرنسپل اسٹاف افسران اور پاک فوج کے تمام فارمیشن کمانڈرز نے کانفرنس میں شرکت کی۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ کانفرنس میں پیشہ وارانہ امور،خیبر پختونخواہ کے ضم ہونے والے قبائلی اضلاع اور بلوچستان کی تعمیر و ترقی سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شرکاء کو موجودہ جیو اسٹریٹجک ماحول، قومی سلامتی کے درپیش چیلنجز اور دور حاضر کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ نئی ٹیکنالوجیز پر بریفنگ دی گئی۔

آئی ایس پی آر کا یہ بھی کہنا ہے کہ کانفرنس میں آرمی چیف نے ملک بھر میں جاری استحکام کے آپریشنز اور آپریشن رد الفساد کی کامیابیوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ کانفرنس میں شرکاء نے دہشتگردی کی جنگ میں قوم، خاص کر قبائلی علاقوں کے عوام کی قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

Leave a reply